افضل گرو کے بیٹے غالب گرو کی امتحان میں نمایاں کار کردگی

سری نگر ۔پارلیمنٹ پر حملہ کے مبینہ مجرم محمد افضل گرو جنہیں 9فبروری2013کو دلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دی گئی تھی‘ کے بیٹے غالب افضل گرو نے جموں وکشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیش( بوس) کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے بارہویں جماعت کے امتحانات میں نمایاں نمبرات کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے۔ انہو ں نے سال2016میں بھی میٹرک کے امتحانات میں500سے 474نمبرات حاصل کرکے 19ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔

وادی کشمیر میں بارہویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کا اعلان جمعرات کی صبح کیاگیا جس میں کامیاب امیدواروں کا تناسب 61.44رہا ہے ۔

بارہویں جماعت کے امتحانات کے نتائج سامنے انے کے بعد جب یہ خبرپھیل گئی کہ افضل گروپ کے بیٹے غالب گرو نے 500میں سے 441نمبرات حاصل کئے ہیں تو اہلیان وادی نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹس خاص طور سے فیس بک پر زبردست خوشی او رمسرت کا اظہار کیا اور ان کی طویل وکامیاب زندگی کے لئے دعائیں کیں۔سائنس کا طالب علم گورو ڈاکٹر بننا چاہتا ہے۔

وہ ڈسٹنکشن سے پاس ہوا ہے۔رپورٹوں کے مطابق غالب گرو کی امتحان میں نمایاں کارکردگی پر ان کے آبائی علاقہ سوپور کے جاگیر میں جشن کاماحول ہے۔چند روز قبل جب وادی میں 9جنوری2018کو میٹرک( دسویں) کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کیاگیا تو اس میں2016کے ایجی ٹیشن کے دوران سکیورٹی فورسسز کے ہاتھوں پیلٹ فن کے استعمال سے نابینہ ہونے والی انشا مشتاق نے کامیابی حاصل کی۔

انشاء کواس وقت پیلٹ بندو ق سے مکمل طور پر نابینا کیاگیاتھا جب وہ اپنے مکان کی کھڑکی میں کھڑے ہوکر احتجاجی مظاہروں کو دیکھ رہی تھی۔ ڈسمبر2011میں پارلیمنٹ پر حملے کی سازش کے مبینہ مجرم محمد افضل گرو کو 9فبروری 2013کو دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دی گئی اور وہیں دفن کیاگیا۔