اعلی مقاصد کے حصول کیلئے طلبہ کو سخت محنت کی تلقین

دنتیواڑہ بنواسی کلیان آشرم کے طلبہ سے صدر رام ناتھ کا خطاب
صدر کی رکشا میں سواری
خاتون نے رکشا چلایا
رائے پور۔25جولائی (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے آج طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ زندگی میں بڑے مقاصد بنائیں اور ان کے حصول کے لیے سخت محنت کریں۔ وہ چھتیس گڑھ کے دنتیواڑہ ڈسٹرکٹ میں بیرانگر ولیج میں ونواسی کلیان آشرم اسکول کے طلبہ کے ساتھ بات چیت کررہے تھے۔ رام ناتھ کووند نے طلبہ سے، جن کے ساتھ انہوں نے لنچ بھی کیا، کہا کہ ہر شخص کو زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کا خواب دیکھنا چاہئے اور اسے پورا کرنے کے لیے پورے عزم و ارادہ کے ساتھ کوشش کرنی چاہئے۔ انہوں نے اس اسکول میں طلبہ کو فراہم کی جارہی مختلف سہولتوں بشمول ہاسٹل کے بارے میں دریافت کیا اور طلبہ سے بعض جنرل نالج سوالات بھی کئے جن کے طلبہ نے صحیح جوابات دیئے۔ ایک صحافتی اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی۔ صدر جمہوریہ نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ اس آشرم اسکول میں طلبہ کو ویدک میاتھس پڑھایا جارہا ہے اور آرچیری (تیراندازی) ٹریننگ دی جارہی ہے۔ صدر جمہوریہ نے بچوں کو مٹھائی بھی پیش کی جسے انہوں نے راشٹرپتی بھون سے لایا تھا۔ قبل ازیں ہیرانگر پہنچنے کے بعد کووند نے اس گائوں میں انٹگریٹیڈ فارمنگ سسٹم سنٹر سے وابستہ کسانوں کے ساتھ بات چیت کی۔ انہوں نے ایک رکشا میں مختصر سواری بھی کی جسے ایک خاتون نے چلایا جس کی شناخت دنتیواڑہ کی پھول منی بھاسکر کی حیثیت سے کی گئی۔