اعظم خان کی گرفتاری کا حکم 

الہ آباد : سابق وزیر برائے شہری ترقیات محمد اعظم خان کو گرفتار کر کے کورٹ میں پیش کر نے کا حکم ہفتہ کو ممبر پارلیمنٹ و رکن اسمبلی کورٹ کے خصوصی جج پون کمار تیواری نے دیا ۔ خصوصی عدالت نے اعظم خان کے ساتھ معاون ملزم محمد اہل اللہ ، راجیش ، ڈی پی یادو اور راج کمار کی بھی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ وہیں بینی پرساد ورما کے خلاف وارنٹ جاری ہواہے جب کہ رکن اسمبلی مختار انصاری کی ضمانت عرضی خارج کرد ی گئی ہے۔

اعظم خاں کی سماعت کرتے ہوئے کورٹ نے اپنے حکم نامہ لکھا ہے کہ اگر سماعت کی اگلی تاریخ ۲۱؍ جنوری کوملزم کورٹ میں حاضر نہیں ہوئے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔ تفصیلات کے مطابق یہ معاملہ دس سال پرانہ ہے ۔

۲ جنوری ۲۰۰۸ء کو اعظم خاں کے کار کے گلاسس کالے رنگ کے تھے ۔ تھانہ انچارج ہزلیٹ مرادآباد نے چیکنگ کے دوران ان کی گاڑی کو روکا گیا ۔ اور ان کی گاڑی کے خلاف کارروائی کی جانے لگی۔ اس پر اعظم خاں احتجاج کرنے لگے اور نیشنل ہائی وے پر ٹرافک جام کردیا گیا ۔ اس کیلئے اعظم خاں کے خلاف معاملہ درج کیاگیا او رانہیں کورٹ میں حاضر ہونے کا حکم دیا گیا ۔ لیکن اعظم خان غیر حاضر رہے ۔ اس پرکورٹ نے گرفتاری کا حکم دیا ۔