اسپین میں سمندری طوفان اور اچانک سیلاب سے 10 ہلاک

جنوبی عمان کے اسکولس بند ۔بنگلہ دیش ،خلیج بنگال میں سمندری طوفان کے پیش نظر چوکس
سینٹ لارنس ڈیس کارڈیسر ۔ 10 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 10 افراد بشمول دو برطانوی اور ایک لڑکا اچانک سیلاب آجانے کی وجہ سے اسپین کے تعطیلاتی جزیرہ میجورکا سے لاپتہ ہوگئے جبکہ دیہات کی تمام سڑکیں اور کاریں کافی دُور تک بہہ گئیں۔ پانی کا رنگ مٹیالہ ہوگیا اور سڑکیں، مکانات اور کاریں زیرآب آگئیں۔ بحر روم کا جزیرہ موسلادھار بارش کی وجہ سے چند گھنٹوں کے دوران دھل کر رہ گیا۔ ویڈیو کی جھلکیوں میں مقامی ذرائع ابلاغ میں کاریں تیرتی ہوئیں دیکھی گئیں۔ تقریباً 500 میٹر (1650 فیٹ) کا فاصلہ مقامی شہریوں کو تیرتے ہوئے پار کرنا پڑا۔ ہنگامی خدمات نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ تمام 10 لاپتہ افراد بشمول ایک کمسن لڑکا جو لاپتہ ہوگئے تھے، ہلاک ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ برطانیہ کے دفتر خارجہ نے کہا کہ دو برطانوی شہری بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔ اسپین کے محکمہ موسمیات نے بارش اور طوفانوں کا مجمع الجزائر کو موسلادھار بارشوں اور سمندری طوفانوں کا آئندہ چند گھنٹے میں انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ میجورکا بدترین متاثرہ جزیرہ ہے جو دارالحکومت پالما ڈی میجورکا سے 60 کیلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ تقریباً 500 ہنگامی کارکن عوام کو تلاش کررہے ہیں اور متاثرین کی مدد کررہے ہیں۔ ہیلی کاپٹرس اور کھوجی کتے بھی متاثرہ علاقوں کو روانہ کردیئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں فوج کی ہنگامی شاخ کا عملہ بھی متاثرہ علاقوں میں عوام کی مدد کیلئے موجود ہے۔ وزیراعظم پیڈرو سانچیز متاثرہ علاقوں کا دورہ کررہے ہیں۔ انہوں نے صورتحال کو غیرمعمولی قرار دیا اور متاثرہ علاقوں کو ہر ممکن مدد کا تیقن دیا۔ مسقط سے موصولہ اطلاع کے بموجب عمان میں گورنریٹ ضوفر نے تمام سرکاری زیرانتظام اسکولس احتیاطی اقدام کے طور پر بند کردینے کا اعلان کیا ہے، کیونکہ بحر عرب میں ایک سمندری طوفان طاقتور ہوتا جارہا ہے۔ سمندری طوفان ’’لوبان‘‘ اندیشہ ہے کہ عمان کے جنوبی علاقوں اور یمن سے بشمول سوکوٹرا ٹکرا جائے گا۔ چہارشنبہ کی رات اس تصادم کا اندیشہ ہے ۔ طوفان کے ساتھ تیز رفتار 120 کیلومیٹر فی گھنٹے (75 میل فی گھنٹے) کی رفتار سے چلنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ طلبہ اور ارکان عملہ کے تحفظ کیلئے تعلیمی ادارے احتیاطی اقدام کے طور پر بند کردیئے گئے ہیں اور شہریوں کیلئے 950 کیلومیٹر جنوب میں پناہ گاہیں تیار کی گئی ہیں۔ خلیج بنگال میں سمندری طوفان کے پیش نظر بنگلہ دیش نے ملک گیر چوکسی اختیار کرلی ہے۔