ممبئی۔ یکم مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں آج اسٹاک مارکٹ کیلئے بہترین دن رہا اور شئیرس کی قیمتوں میں زبردست اچھال دیکھا گیا ۔ آج اسٹاک مارکٹ میں جملہ 777 پوائنٹس کی بہتری آئی جو گذشتہ سات برسوں میں ایک دن میں سب سے زیادہ اچھا ہے ۔ ہندوستانی روپئے کی قدر میں قدرے بہتری کو دیکھتے ہوئے بیرونی اداروں نے ہندوستانی اسٹاکس میں سرمایہ کاری کو ترجیح دی جس کے نتیجہ میں ہندوستانی اسٹاک مارکٹ میں جملہ 2,913 کروڑ روپئے کا سرمایہ کیا گیا ۔ گذشتہ چند دنوں سے اسٹاک مارکٹ کی صورتحال انتہائی ابتر تھی اور گذشتہ دو مہینوں کے دوران اسٹاک مارکٹ سے 19,459 کروڑ روپئے کا سرمایہ نکال لیا گیا تھا ۔ حکومت نے کل اپنے بجٹ میں اعلان کیا تھا کہ آئندہ اقتصادی سال میں خسارہ کا نشانہ 3.5 فیصد تک برقرار رکھا جائیگا ۔ اس کے پیش نظر سرمایہ کاروں کو اندرون ملک شرح سود میں کمی کی بھی امید ہے ۔ اس کو دیکھتے ہوئے بھی اسٹاک مارکٹ میں اچھال آیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ آج ایک دن کے اچھال میں سرمایہ کاروں کو اسٹاک مارکٹ میں زبردست فائدہ ہوا ہے ۔ سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئندہ ایام میںریزرو بینک کی جانب سے شرح سود میں کمی کی جاسکتی ہے اور یہ مارکٹ کیلئے اچھا رجحان ہوگا ۔اسی لئے آج مارکٹ میں زبردست اچھال آیا ہے اور سرمایہ کاروں نے اسٹاک مارکٹ میں کاروبار کو ترجیح دی ہے ۔ آج اسٹاک مارکٹ 23,779.35 پوائنٹس پر بند ہوئی ۔ اس طرح اس میں جملہ 777.35 پوائنٹس کی اچھال آئی ہے ۔ اس سے سرمایہ کاروں کو زبردست فائدہ بھی ہوا ہے ۔