معلق اسمبلی کی صورت میں آزاد امیدواروں سے ربط، کانگریس کے دعووؤں سے تجسس کا ماحول،انٹلیجنس کی رپورٹ طلب
حیدرآباد۔/8 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سربراہ اور کارگذار چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ انتخابی نتائج کے بارے میں قومی چینلس کے ایگزٹ پول اور مقامی اداروں کی جانب سے جاری کردہ امکانی نتائج پر ماہرین کے ساتھ مشاورت میں مصروف ہیں۔ مختلف ایگزٹ پولس کے نتائج سے چیف منسٹر کے قریبی حلقوں میں تجسس پایا جاتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے اپنے قریبی رفقاء اور انتخابی سروے کے ماہرین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ضلع واری سطح پر پارٹی کی موصولہ رپورٹس کا جائزہ لیا۔ ہر ضلع میں رائے دہی کے فیصد اور رجحانات کی بنیاد پر ٹی آر ایس کی کامیابی کے امکانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق کے سی آر قومی نیوز چیانلس کے ایگزٹ پولس سے مطمئن ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ سادہ اکثریت سے سہی دوبارہ حکومت تشکیل دیں گے۔ انتخابی رجحان کے بارے میں تلگو نیوز چینلس نے اپنے طور پر کوئی پول جاری نہیں کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے 2014 میں ہر اسمبلی حلقہ میں ٹی آر ایس کو موصولہ ووٹ اور ضلع کے رجحان کی بنیاد پر نتائج اخذ کرنے کی ذمہ داری ماہرین کو دی ہے۔ واضح رہے کہ 2014 میں تلنگانہ تحریک کے باوجود ٹی آر ایس کو سادہ اکثریت یعنی 63 نشستیں حاصل ہوئی تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ لگڑا پاٹی راجگوپال کے سروے اور کانگریس پارٹی کے دعوؤں کے پیش نظر کے سی آر نے معلق اسمبلی کے امکانات کا بھی جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔
ایسی صورت میں تشکیل حکومت کیلئے ارکان اسمبلی کی تائید کے حصول کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق تلنگانہ میں مضبوط موقف رکھنے والے 8 آزاد امیدواروں سے ٹی آر ایس قائدین ربط میں ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر ان کی تائید حاصل کی جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے ہر ضلع سے پارٹی قائدین کے علاوہ انٹلیجنس کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے اور وہ مجموعی طور پر تشکیل حکومت کے بارے میں مطمئن ہیں۔ رپورٹ میں انہیں اس بات کی اطلاع دی گئی کہ ٹی آر ایس کیڈر نے گراؤنڈ سطح پر بہتر کام کیا۔ اسی دوران ایگزٹ پول کے منظرعام پر آنے کے فوری بعد پارٹی کے امیدواروں نے کے سی آر کے فارم ہاوز کا رُخ کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اضلاع سے امیدوار کے سی آر سے ملاقات کیلئے فارم ہاوز پہنچ رہے ہیں تاکہ نتائج سے قبل ہی انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزارت میں اپنی شمولیت کے امکانات کو روشن بنائیں۔ چیف منسٹر کے قریبی افراد کی جانب سے امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ابھی سے ملاقات کیلئے فارم ہاوز نہ پہنچیں۔ نتائج کے بعد ہی چیف منسٹر کسی کو ملاقات کا وقت دیں گے۔