اسمبلی تحلیل کے بعد کے سی آر کو نگرانکار چیف منسٹر رہنے کا اخلاقی حق نہیں

کل جماعتی وفد کے ساتھ تلنگانہ جناسمیتی کی عنقریب گورنر سے نمائندگی : کودنڈا رام
حیدرآباد۔6ستمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی( ٹی جے ایس) کے سربراہ پروفیسر کودنڈارام نے کہاکہ ریاستی اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد نگران کار چیف منسٹر کی حیثیت سے دوبارہ اقتدار پر رہنے کا کے سی آر کو حق نہیں ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کل جماعتی وفد کے ذریعہ تلنگانہ جناسمیتی گورنر سے بہت جلد ملاقات کرتے ہوئے ریاست میںگورنر راج نافذ کرنے کا مطالبہ کریگی۔انہوں نے کہاکہ اسمبلی تحلیل کرنے کے باوجود نگران کار چیف منسٹر کی حیثیت سے سرکاری مشنری کے استعمال کا اپوزیشن جماعتوں کوخدشہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ جنا سمیتی اور تلنگانہ کی عوام پچھلے چار سالوں میں چیف منسٹر کی حیثیت سے کے چندرشیکھر رائو کی کارکردگی دیکھ چکے ہیں ۔ اسمبلی تحلیل کے بعد دوبارہ نگرا ن کار چیف منسٹر کے طور پر ریاست کی باگ ڈور اپنا ہاتھ میںرکھنا کے سی آر کا ایک نیا سیاسی حربہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ پانچ سال کے لئے عوام نے ٹی آر ایس کو اقتدار دیا تھا مگر چار سال میں اسمبلی کو تحلیل کرکے ٹی آر ایس سربراہ نے عوام کے ساتھ دھوکہ کیاہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ تلنگانہ جنا سمیتی کی بڑھتی مقبولیت کے خوف سے اسمبلی تحلیل کی گئی ہے جبکہ یہ تلنگانہ جنا سمیتی کی پہلی کامیابی ہے۔ پروفیسر کودنڈارام نے کہاکہ کے سی آر نے 2014کے انتخابات سے قبل جو عوام سے وعدہ کیاتھا اس کو پورا کرنے میںچار سال میں وہ ناکام رہے ہیں۔ تلنگانہ جنا سمیتی ہر ماحول میںالیکشن لڑنے کے لئے تیار ہے مگر کے سی آر نے عوام کے ساتھ جو دھوکہ دہی کی ہے اس کا اندازہ ریاست کے مجوزہ اسمبلی انتخابات میںہوگا۔