سوشیل میڈیا پر پیش کردہ مواد کی مذمت، اسلام آباد میں 25 مسلم ملکوں کے سفیروں کا اجلاس، چودھری نثار کا خطاب
اسلام آباد ۔ 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں 25 مسلم ملکوں کے سفیروں نے آج منعقدہ ایک اہم اجلاس میں سوشیل میڈیا پر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف پیش کئے جانے والے گستاخانہ اور اہانت آمیز مواد پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس لعنت کا جواب دینے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کے وزیرداخلہ چودھری نثار علی خاں نے سوشیل میڈیا پر مخالف اسلام مواد کا جواب دینے کیلئے ایک پالیسی وضع کرنے کیلئے مسلم ممالک کے سفراء کا اہم اجلاس طلب کیا تھا۔ بعدازاں وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’’اجلاس کے شرکاء میں اس بات پر اتفاق رائے پایا گیا کہ دین اسلام اور پیغمبراسلام کے ناموس و تقدس کے تحفظ کے معاملہ میں ساری دنیا مسلم امت متحد ہے۔ سوشیل میڈیا پر گستاخانہ مواد کا مسئلہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ا داروں میں اٹھانے کیلئے عرب لیگ کے سکریٹری جنرل سے بھی درخواست کی جائے گی۔ چودھری نثار علی خاں نے کہا کہ کسی بھی مذہبی عقائد کو مسخ کرنا اور کسی بھی مذہب کی مقدس ہستیوں کی بے حرمتی کرنا ناقابل برداشت ہے۔ کوئی بھی قانون مذہبی عقائد اور جذبات کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ پاکستانی وزیرداخلہ نے کہاکہ مغربی دنیا کے بعض گوشوں کو اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں دوہرے معیارات اور دوغلے رویہ سے باز آجانا چاہئے۔ چودھری نثار کسی بھی قسم کی مذہبی بداحترامی اور اہانت کے خلاف سخت قوانین ہیں تو دوسری طرف اسلام اور اس کی مقدس ہستیوں کا مذاق اڑانے کی کھلی چھوٹ بھی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں ایک نقطہ پر مبنی ایجنڈا صرف یہ رہا کہ سوشیل میڈیا پر گستاخانہ و اہانت آمیز مواد کے خلاف سارے عالم اسلام کی طرف سے مؤثر و متحدہ طور پر آواز اٹھائی جائے۔