بیجارسومات سے لڑکیوں کے والدین زیر بار‘ سادگی کی تلقین‘ دوبدو ملاقات پروگرام سے جناب زاہد علی خان اور دیگرکا خطاب
حیدرآباد ۔ 16 ستمبر ( سیاست نیوز) جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے آج کہا کہ مسلمانوں کے لئے سب سے اہم مسئلہ لڑکوں اور لڑکیوں کی تعلیم اور شادی کی رسومات کا ہے اس لئے کہ جس طرح شادیوں کے آغاز سے لے کر اس کے اختتام تک رسومات ہیں اس سے لڑکی کے والدین کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ جناب زاہد علی خان ریڈروز فنکشن ہال روبرو حج ہاوز نامپلی میں 86 ویں دوبہ دو ملاقات پروگرام کے کثیر اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔ شہ نشین پر ڈاکٹر سیادت علی ‘ میرانورالدین ‘ ناظم الدین ‘ جناب الیاس باشاہ اور دیگر شامل تھے ۔ حافظ عمران احمد کی قرأت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا ۔ ڈاکٹر ایوب حیدری نے نعت شریف سنانے کی سعادت حاصل کی۔ جناب زاہد علی خان نے کہا کہ اسلام اس بات کی ہرگز تعلیم نہیں دیتا کہ شادیوں میں کھانے پینے اور لوازمات کی کثرت کے ساتھ ناچ گانا کا اہتمام کریں ۔ وہ تو اسراف اور فضول خرچی ہے اس سے بچنے کی تاکید کرتا ہے ۔ اگر مسلمان شادی بیاہ میں اسراف سے اپنے آپ کو دور رکھیں گے تو مستقبل میں ایک متمول قوم بن سکیں گے ۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اس بات کا تہیہ کریں کہ جہاں کہیں ایسی شادی ہو رہی ہے جس میں اسراف علانیہ طور پر دیکھا جا رہا ہے تو فوری اس کا بائیکاٹ کیا جانا چاہئے ۔ اگر مسلمان فضول خرچی سے اپنے آپ کو محفوظ رکھیں گے اور قوم کو تعلیم کی طرف راغب کرسکیں گے تو مستقبل میں ان کا معاشی موقف مستحکم ہوسکے گا ۔ انہوں نے خلیجی و عرب ممالک میں مقیم تارکین وطن جو عرصہ دراز سے یہاں ان کے لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں کے رشتوں کے متعلق کہا کہ وہ بھی بڑے پریشان ہیں اس لئے ان کے پاس بھی اس طرح کے دو بدو ملاقات پروگرام ایک نعمت عظمی ثابت ہوسکتے ہیں اس لئے سیاست اور ملت فنڈ کی جانب سے عرب ممالک کے کچھ حصوں میں اس طرف پہل بھی کی گئی ہے ۔ انہوں نے شادیوں میں بے جا رسومات پر بھی تنقید کی اور کہاکہ شادی جو بڑی مختصر اندازمیں کی جاسکتی ہے اس سے ایک ہفتہ طول دیتے ہوئے مختلف مراسم اختیار کرنا موجودہ دور کے اس ماحول میں مناسبت نہیں ۔ جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر سیاست نے دوبدو ملاقات پروگرام کی نگرانی کی اور والدین سے تبادلہ خیال کیا ۔ اور بعض والدین اور معززین شہر نے ان سے ملاقات کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی جن میں محمد فصیح الدین (چھوٹو) ‘ میر یوسف علی وائی ٹو کے کریٹیو ‘ طہ قادری پروفیشنل کیٹرنگ ‘ علی صدیقی و دیگر شامل ہیں ۔ قاری الیاس باشاہ نے کہا کہ اگر والدین شادی بیاہ کے معاملات اسلامی طور پر حل کرنے کی کوشش کریں گے تو ان نئے جوڑوں کی زندگیوں میں برکتیں حاصل ہوں گی ۔ چیرمین ریڈروز گروپ آف کمپنیز جناب سید حمیدالدین کے فرزند سید وقارالدین ‘ سید عمران الدین ‘ سید عرفان الدین سید ذیشان الدین منیجنگ ڈائرکٹرس ریڈروز ‘ محمد صلاح الدین غوری منیجر ریڈروز نے اظہار تشکر کیا گیا جن کے تعاون سے یہ دوبدو ملاقات کامیابی کو پہنچ سکا ۔ دوبدو ملاقات پروگرام کی سہولت کے لئے کاؤنٹرس بنائے گئے ۔انجنیئرنگ کاونٹر پر میر انورالدین ‘ شاہد حسین ‘ حیات حسین حبیب ‘ میڈیسن پر ڈاکٹر دردانہ ‘ ڈاکٹر سیادت علی ‘ مہ روز ‘ پوسٹ گریجویشن پر الیاس باشاہ ‘ ناظم علی ‘ ثانیہ ‘ گریجویٹس کاؤنٹر پر جناب ناظم الدین ‘ رئیس ‘ ایس ایس سی ‘ عالم او رفاضل کوثر جہاں ‘ تسکین ‘ ثانیہ ‘ عقدثانی کاونٹر پر لطیف النساء ‘ معذورین کے کاونٹر پر ریحانہ نواز کے علاوہ رجسٹریشن کاونٹرپر ترنم خان ‘ فرحانہ ‘ افسر مہک ‘ جبین اور حمیرہ نے اپنی خدمات انجام دی ۔ آج کے اس دوبدو ملاقات میں لڑکوں کے 80 اور لڑکیوں کے 185 رجسٹریشن ہوئے ۔ گذشتہ ہوئے دوبدو ملاقات پروگرام میں جن والدین کے لڑکے لڑکیوں کا رشتہ طئے ہوا انہوں نے ملاقات کی ‘ شیخ عرفان مقیم دمام کا رشتہ فوزیہ سلطانہ (نظام آباد) سے طئے ہوا ۔ یہ پروگرام کو دونوں شہروں کے علاوہ بیرون ممالک سیاست کی ویب سائیٹ اور سیاست ٹی وی ‘ فیس بک پر نشر کیا گیا ۔ خدیجہ سلطانہ ‘ فریدہ بیگم اور فرزانہ نے انتظامات میں حصہ لیا ۔ دوبدو ملاقات پروگرام 5 بجے شام اختتام کو پہونچا ‘ انتظامیہ نے پولیس سے بھی اظہار تشکر کیا ۔