’’ ہتھیار ڈالدو یا ہلاک ہوجاؤ‘‘،فضائی حملوں میں 100 افراد کی ہلاکت
ماراوی (فلپائن) /30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت فلپائن نے آج اسلامی عسکریت پسندوں کو جن کا قبضہ شہر کے جنوبی علاقہ پر ہے ۔ انتباہ دیا کہ وہ یا تو ہتھیار ڈال دیں یا ہلاک ہوجائیں جبکہ حملہ آور ہیلی کاپٹروں نے بندوق برداروں سے مستحکم گڑھ پر بمباری کی ۔ اس علاقہ میں 2000 شہری پھنس جانے کا اندیشہ ہے ۔ لڑائی میں 100 سے زیادہ افراد کے ہلاک ہونے کی توثق ہوچکی ہے ۔ لڑائی کا آغاز گزشتہ ہفتہ ہوا تھا جبکہ سیاہ پرچم لہراتے ہوئے بندوق برداروں نے جن کا تعلق دولت اسلامیہ سے ہے ماراوی شہر میں جہاں کی غالب آبادی مسلمانوں کی ہے توڑ پھوڑ مچائی تھی ۔ صدر فلپائن راڈریگو ڈٹریٹ نے پورے جنوبی جزیرہ منڈاناؤ میں جہاں دو کروڑ عوام کی آبادی ہے مارشل لاء نافذ کردیا ہے اور مقامی عسکریت پسند گروپس کو دولت اسلامیہ سے الحاق کے خلاف انتباہ دیا ہے ۔ کیونکہ اس سے بڑے پیمانے پر صیانتی خطرہ پیدا ہوسکتا ہے ۔ لیکن عسکریت پسندوں نے گزشتہ 8 دن سے فضائی حملوں اور سڑکوں پر دوبدو لڑائی کا مقابلہ کیا ہے ۔ آج حکومت نے تازہ انتباہ دیا ۔