سیٹلائیٹ کو کامیابی کے ساتھ داغنے کا کارنامہ، ٹیکنالوجی میں مہارت کا ثبوت
سری ہری کوٹہ 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی ، وزیراعظم نریندر مودی، نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری نے آج آئی آر این ایس ایس ۔ آئی جی سیٹلائیٹ کو کامیابی کے ساتھ داغنے پر اسرو کے سائنسدانوں کو مبارکباد دی۔ صدرجمہوریہ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر پیام روانہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اسرو کی ٹیم کی اس کامیابی پر مبارکباد دی جاتی ہے۔ سائنسدانوں کی صلاحیتوں کی ستائش کرتے ہوئے مودی نے ٹوئیٹ کیا اور کہاکہ اس کامیابی سے ہماری ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرنے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کا ثبوت ملتا ہے۔ اپنے پیام مبارکباد میں حامد انصاری نے کہاکہ اسرو کے سائنسدانوں کی جانب سے خامیوں سے پاک سیٹلائیٹ کے داغے جانے پر میں بے حد خوش ہوں۔ اس سے خلائی شعبہ میں ہندوستان کی فروغ پاتی صلاحیتوں کا ثبوت ملتا ہے۔ وزیر ریلوے سریش پربھو نے کہاکہ یہ کامیابی ہمارے ملک کے لئے بہت بڑا سنگ میل ہے۔ انھوں نے اس شاندار مظاہرہ پر اسرو کے سائنسدانوں کو دلی مبارکباد پیش کی۔ پرکاش جاؤڈیکر کے علاوہ چیف منسٹر آندھراپردیش چندرابابو نائیڈو بھی اسرو کے سائنسدانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ہندوستان کے لئے ایک اور فخر کی بات ہے۔