اسرو سیٹلائیٹ کا کامیاب تجربہ، صدرجمہوریہ اور وزیراعظم کی مبارکباد

سری ہری کوٹہ ۔ /8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے کریوجنک انجن پروگرام کے دو دہوں بعد دیسی کریوجینک انجن کو انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن نے کامیابی سے تیار کیا ہے اور جی ایس ایل وی نے ملک کے بڑے موسمیاتی سیٹلائیٹ کا آج شام کامیاب تجربہ انجام دیا ۔ انساٹ 3DR اڈوانس موسمی سیٹلائیٹ ہے جس کو GSLV-F05کے بعد 17 منٹوں میں مدار میں پہونچادیا گیا ۔ سری ہری کوٹہ ستیش دھون اسپیس سنٹر پر شام  4 بجکر 50 منٹ کو اسے 40 منٹ کی تاخیر سے اسے داغا گیا ہے ۔ سیٹلائیٹ موسم کے حالات سے محکمہ موسمیات کو واقف کرواتا رہے گا ۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے اسرو کو GSLV-F05 کی دسویں کامیاب پرواز پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ اِس پرواز کا مظاہرہ ایک بار پھر ہندوستان کی بڑھتی ہوئی خلائی صلاحیتوں کی عکاسی کرتا ہے۔ انھوں نے یہ پیغام اسرو کے صدرنشین اے ایس کرن کمار کو روانہ کرتے ہوئے دلی مبارکباد اور انھیں اور اسرو کے ارکان عملہ کو نیک خواہشات پیش کیں۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ جی ایس ایل وی کی پہلی کارکرد پرواز ہے جس میں دیسی ساختہ کرایوجینک کے بالائی مرحلہ کو خلاء میں پہنچایا گیا ہو۔ اِس سے موسم کی پیش قیاسی میں مدد ملے گی اور بچاؤ کارروائی ممکن ہوسکے گی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے پیغام میں کہاکہ یہ ایک مثالی کارنامہ ہے جس نے ہندوستان کا سر فخر سے اونچا کردیا ہے۔ انھوں نے اسرو سائنس دانوں کو اُن کی اعلیٰ سطحی صلاحیتوں کے مظاہرہ ، بے مثال خلوص اور نمایاں پختہ ارادہ پر مبارکباد پیش کی اور کہاکہ جی ایس ایل وی کی دسویں پرواز نمایاں اہمیت رکھتی ہے کیوں کہ اس کے ذریعہ گزشتہ دس سال سے مصروف رہتے ہوئے تیار کردہ انساٹ ۔ 3DR کو جی ایس ایل وی کے ذریعہ خلاء میں پہنچایا گیا ہے جس سے مختلف شعبوں میں ہندوستان کی صلاحیت ثابت ہوگئی ہے۔