اسرائیل میں پارلیمانی انتخابات ، ووٹنگ جاری

تل ابیب۔ 9 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل میں پارلیمانی انتخابات کیلئے پولنگ جاری ہے اور انتخابی نتائج کا اعلان بھی آج ہی ہوگا۔ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے پولنگ کا عمل شروع ہوا، دائیں بازو کی جماعت لیکوڈ پارٹی کے سربراہ اور اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو پانچویں مرتبہ وزارت عظمیٰ کی دوڑ میں شامل ہیں۔ اگر نیتن یاہو انتخابات میں کامیاب ہوئے تو وہ اسرائیل کی تاریخ کے سب سے زیادہ مدت تک وزیراعظم رہنے والے شخص بن جائیں گے۔نیتن یاہو کے مخالف اور سابق فوجی سربراہ بینی گینٹز بلیو اینڈ وائٹ پارٹی کی قیادت کر رہے ہیں اور انہیں سابق وزیر خزانہ اور ٹی وی سے وابستہ شخصیت ییر لیپڈ کا اتحاد حاصل ہے۔انتخابات سے قبل سکیورٹی، کرپشن اور معیشت اسرائیل کے نمایاں مسائل ہیں جب کہ ابتدائی جائزوں کے مطابق 37 فیصد عوام نیتن یاہو اور 35 فیصد بینی گینٹز کے حق میں دکھائی دیئے۔بدعنوانی کے الزامات کا سامنا کرنے والے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی دائیں بازو کی جماعت لیکوڈ پارٹی کو ان انتخابات میں نقصان کا خطرہ ہے۔ حالیہ انتخابی جائزوں میں لیکوڈ پارٹی اپنے حریف بلیو اینڈ وائٹ سیاسی اتحاد سے پیچھے رہی ہے۔