اسانج کو خصوصی مراعات نہیں : اسکاٹ موریسن

سڈنی ۔ 12 ۔ اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) وکی لیکس کے بانی اور آسٹریلیائی شہری جولین اسانج کو برطانیہ میں اُس کی گرفتاری کے بعد کوئی خصوصی مراعات نہیں دی جائیں گی ۔ آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے یہ بات بتائی ۔ یاد رہے کہ ایکویڈر کے لندن سفارت خانے میں اسانج کی سات سالہ پناہ اس وقت ڈرامائی انداز میں ختم ہوگئی جب پولیس نے اچانک وہاں دھاوا کرتے ہوئے اسانج کو عمارت سے باہر نکال کر وہاں ٹھہری ہوئی ایک وین میں بٹھا دیا ۔ ایک برطانوی عدالت نے اسے 2012 میں اپنی ضمانت کے اصول و ضوابط کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا تھا جس کی پاداش میں اُسے ایک سال کی سزائے قید ہوسکتی ہے تاہم سابق امریکی حکام اسانج کو امریکہ حوالگی کے خواہاں ہیں جو دراصل اسانج کے سابق انٹیلجنس تجزیہ نگار چلیسی میاننگ کے ساتھ 2010 ء میں کام کئے جانے کی پاداش میں 2 مئی کو سماعت کئے جانے والے مقدمہ کیلئے مطلوب ہے ۔