نئی دہلی-دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے رافیل لڑاکو طیارے گھپلے معاملے پر بدھ کے روز مرکز کو بڑا جھٹکا دینے والے سپریم کورٹ کے فیصلے پر وزیراعظم نریندر کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کی فوج کو دھوکہ دیا ہے ۔
مسٹر کیجریوال نے ٹوئٹ کیا کہ ‘‘مودی جی سبھی جگہ کہہ رہے تھے کہ سپریم کورٹ سے رافیل معاملے میں انہیں کلین چٹ مل گئی ہے ۔
عدالت عظمی کے آج کے فیصلے سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ مودی جی نے رافیل گھپلے میں پیسے کھائے ہیں، انہوں نے ملک کی فوج کو دھوکہ دیا ہے اور جرم کو چھپاکر سپریم کورٹ کو گمراہ کیا ہے ’’
۔واضح رہے کہ عدالت عظمی نے ‘مخصوص اور خفیہ’ دستاویزات پر مرکز کے خصوصی اختیار کے دعوے کو خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے دستاویزات عدالت میں قابل منظور ہیں۔
چیف جسٹس رنجن گگوئی ، جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس کے ایم جوزف کی بنچ نے مرکز کی اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نظر ثانی کی درخواستوں کی سماعت نوعیت کے اعتبار سے کی جائے گی اور اس کے لئے نئی تاریخ مقرر کی جائے گی