حیدرآباد-مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے انسٹرکشنل میڈیا سنٹر (مرکز برائے تدریسی ذرائع ابلاغ) کی تین فلموں کو وگیان پرسار، محکمہ سائنس و ٹکنالوجی، حکومت ہند نے نویں قومی سائنس فلم فیسٹول 2019 کے لیے منتخب کیا ہے۔
یہ باوقار فیسٹول 27 تا 31 جنوری 2019 موہالی، چندی گڑھ میں منعقد ہوگا۔ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر نے قومی سائنس فلم فیسٹول کے لیے اردو زبان کی تین فلموں کے انتخاب کو نہ صرف میڈیا سنٹر بلکہ ساری یونیورسٹی اور اردو زبان کے لیے باعث فخر قرار دیا۔ انہوں نے اپنے ایک پیام میں میڈیا سنٹر کے ڈائرکٹر جناب رضوان احمد اور ان کی ٹیم کو اس غیر معمولی کامیابی پر مبارکباد دی۔
ڈائرکٹر آئی ایم سی جناب رضوان احمد کے مطابق اس نیشنل فیسٹول کا مقصد سائنس کو مقبول عام بنانا ہے۔ اردو یونیورسٹی، میڈیا سنٹر کی تین فلمیں ’’بھارت رتن ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام‘‘ (ہدایت کار: عبید اللہ ریحان)، پروفیسر یو آر رائو (ہدایت کار: محمد مجاہد علی) اور اسٹیفن ہاکنگ (ہدایت کار: عمر اعظمی) فیسٹول کے انٹرفیس زمرہ میں منتخب ہوئی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس زمرہ میں منتخب 15 فلموں میں سے 3 کا تعلق مانو کے میڈیا سنٹر سے ہے، جبکہ دیگر قومی اداروں کی بمشکل ایک فلم اس فہرست میں شامل ہے۔ جناب رضوان احمد نے اس انتخاب کو اردو یونیورسٹی بالخصوص ، میڈیا سنٹر کے لیے ایک منفرد اعزاز قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ تینوں فلموں کا تعلق میڈیا سنٹر کی ’’مانو نالج سیریز‘‘ سے ہے، جو گذشتہ سال آڈیو ویژول وسیلہ سے نارسا افراد تک علم کی طاقت پہنچانے کے غرض سے شروع کی گئی۔
تینوں فلمیں اردو میں تیار کی گئی ہیں۔ نیشنل فلم فیسٹول کے لیے ان کے انتخاب نے ثابت کردیا ہے کہ ترسیل کے معاملے میں مواد کی اہمیت ہوتی ہے اور زبان رکاوٹ نہیں بنتی۔ اردو یونیورسٹی کا میڈیا سنٹر معلومات پر مبنی پروگرامس کے ذریعہ لاکھوں افراد تک رسائی حاصل کر رہا ہے اور اس نے بڑی تعداد میں علمی ذخائر میں گراں قدر اضافہ کیا ہے۔
نیشنل سائنس فلم فیسٹول کے لیے سرکاری اداروں، پروڈکشن ہائوزس، میڈیا مراکز اور انفرادی پروڈیوسرس نے اپنی فلمیں بھیجی تھیں تاہم انٹرفیس زمرہ میں صرف 15 کا انتخاب عمل میں آیا۔ اردو یونیورسٹی کا میڈیا سنٹر واحد ادارہ ہے جس کی تین متاثر کن فلموں کا انتخاب ہوا ہے۔