اردو میڈیم ایس ایس سی کوئسچن بینک کی رسم اجرائی

ادارہ ’سیاست‘ کی خدمات کی ستائش، استفادہ کرنے طلبہ سے مقررین کی خواہش
حیدرآباد۔ یکم فبروری، ( سیاست نیوز) ادارہ سیاست کے زیر اہتمام ہر سال ایس ایس سی کے تین گائیڈس ؍ کوئسچن بینک تلگو زبان دوم ، انگلش میڈیم آل اِن ون اور اردو میڈیم آل اِن ون ماہر اساتذہ کے زیر نگرانی شائع کرکے مفت تقسیم کئے جاتے ہیں۔ اس سے نہ صرف طلبہ کو امتحان میں تیاری میں مدد ملتی ہے بلکہ اچھے نشانات سے کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار یہاں محبوب حسین جگر ہال میں سیاست ایس ایس سی کوئسچن بینک اردو میڈیم کی رسم اجرائی کرتے ہوئے جناب فضل الرحمن خرم ڈائرکٹر ڈان گروپ آف اسکولس نے کیا اور ادارہ ’سیاست‘ کے خدمات کو خراج پیش کرتے ہوئے اس کو قابل ستائش و قابل تقلید قرار دیا۔ جناب ظفر اللہ فہیم ڈائرکٹر سنٹرل پبلک اسکول نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور اپنی تقریر میں ایس ایس سی طلبہ کو مفید مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف تعلیم حاصل کریں بلکہ ان کی صحیح تربیت بھی ہو بالخصوص آج ہائی اسکول کے طلبہ میں اخلاقی گراوٹ آرہی ہے ان کی بال کٹنگ فٹ بال کھلاڑیوں کے فیشن کے مطابق ہورہی ہے۔اس برائی کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر عبدالرحمن نے اپنی تقریر میں لڑکوں کو لڑکیوں کی طرح حصول تعلیم میں دلچسپی لینے کا مشورہ دیا۔ ڈاکٹر محمد ناظم علی ریٹائرڈ پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج نے اپنی تقریر میں طلبہ کو امتحان کس طرح لکھیں، وقت کا صحیح استعمال کریں اور سوالات کو سمجھ کر جوابات دینے کے گر بتاتے ہوئے کہا کہ کوئسچن بینک کا صحیح استعمال کریں۔ ڈاکٹر شیخ سیادت علی نے تقریر میں کوئسچن بینک کے حوالہ سے کہا کہ آج ملک میں نوٹ بندی اور نوٹ بندی کے بعد لوگوں کے دماغ میں بینک ہی بینک ہے یہ کونسا بینک ہے جس کو آپ کوئسچن بینک کہتے ہیں اس طرح یہ سوالات کا بینک ہے جو امتحان میں طالب علم کو کام آئے گا۔ جناب نعیم اللہ شریف نے اردو میڈیم طلبہ کو احساس کمتری میں نہ رہتے ہوئے آگے بڑھنے کا مشورہ دیا۔ جناب احمد بشیر الدین فاروقی ریٹائرڈ ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر نے اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ ادارہ سیاست کے زیر اہتمام ہزاروں طلبہ کو نہ صرف شہر بلکہ اضلاع میں ہر سال یہ کوئسچن بینک مفت تقسیم کئے جاتے ہیں، اس کی تیاری کیلئے گورنمنٹ اور پرائیویٹ اسکولس کے برسر خدمت اساتذہ کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں اور نئے ماڈل پیپرس کے مطابق یہ کوئسچن بینک تیار کئے جاتے ہیں۔ ادارہ سیاست ان اساتذہ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے ان کی شال پوشی اور سرٹیفکیٹ عطا کیا۔ جناب ایم اے حمید کیریئر کونسلر نے ابتداء میں خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر خلیل قادری ہیڈ ماسٹر موظف، خواجہ معین الدین،  شیخ کلیم اللہ موجود تھے۔ ہدایت اللہ کی قرأت سے آغاز ہوا۔ صفدریہ اسکول کی طالبات نے دعا کی ،ایم اے حمید نے شکریہ ادا کیا۔