ارب پتی ہونے کا ڈرامہ کرنے والی کسان کی بیٹی کو سزا

نیویارک ۔26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) عام طور پر دنیا کے پسماندہ اور کم آمدنی والے ممالک میں زیادہ تر غریب افراد کی جانب سے امیر ہونے کا ڈرامہ رچایا جاتا ہے۔تاہم اب امریکی ریاست نیویارک کی عدالت نے ایک ایسی 28 سالہ خاتون کو غریب کسان کی بیٹی ہوکر ارب پتی سماجی رہنما بننے کا ڈرامہ رچانے پر مجرم قرار دیتے ہوئے انہیں سزاوار قرار دیا ہے۔ امریکی ریاست نیویارک کی عدالت نے 28 سالہ اینا سورکن کو ارب پتی سماجی رہنما ہونے کا ڈرامہ رچانے پر مجرم قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق نیویارک کے نواحی شہر منہٹن کی عدالت نے اینا سورکن کو دھوکہ دہی ، چوری اور کے 4 مقدمات میں مجرم قرار دیا۔ اینا سورکن کے وکیل نے اپنی مؤکل کو عدالت کی جانب سے مجرم قرار دیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مؤکل کو 5 سے 15سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی جائے گی۔ ارب پتی سماجی رہنما بننے کا ڈرامہ رچانے والی خاتون کے وکیل کے مطابق ان کی مؤکل کوآئندہ ماہ 9 مئی کو سزا سنائی جائے گی۔ اینا سورکن کے خلاف دلائل دینے والے وکیل کے مطابق ارب پتی سماجی رہنما بن کر ڈرامہ رچانے والی خاتون کے دھوکہ دہی کا پتہ اس وقت چلا جب انہوں نے مختلف بینکس سے لیے گئے کریڈٹ کارڈز کی ادائیگی نہیں کی۔رپورٹ کے مطابق اینا سورکن کا اصل نام اینا ڈیلوے تھا اور ان کا تعلق جرمنی سے تھا، تاہم وہ گزشتہ کچھ عرصے سے نیویارک میں ارب پتی سماجی رہنما بن کر عالمی سطح پر توجہ حاصل کرنے سمیت مختلف اداروں سے فنڈ بٹورنا چاہتی تھیں۔