حیدرآباد ۔ 22 ۔مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے عرس حضرت خواجہ غریب نوازؒ کے موقع پر غلافِ مبارک اجمیر روانہ کیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج پرگتی بھون میں اقلیتی قائدین کی موجودگی میں غلاف حوالے کیا جسے کل روانہ کیا جائیگا۔ اس موقع پر چیف منسٹر کی شال پوشی کی گئی اور انہیں امامِ ضامن باندھا گیا۔ چیف منسٹر کی درازی عمر و ریاست کی ترقی کیلئے دعا کی گئی ۔ غلاف مبارک کی روانگی کے موقع پر پرگتی بھون میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں ، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم ، ارکان مقننہ فاروق حسین ، عامر شکیل ، فرید الدین ، صدرنشین اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین ، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن اکبر حسین ، صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں ، صدرنشین سٹ ون عنایت علی باقری ، ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ منان فاروقی ، رکن تلنگانہ اقلیتی کمیشن ارشد علی خاں کے علاوہ اقلیتی قائدین موجود تھے ۔ امام مکہ مسجد حافظ محمد عثمان نے خصوصی دعا کی ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر منان فاروقی نے بتایا کہ رکن وقف بورڈ ایم اے وحید اور ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین کے ہمراہ وہ کل 23 مارچ کو اجمیر روانہ ہورہے ہیں۔ اس سلسلہ میں اجمیر کے حکام کو اطلاع دے دی گئی ہے۔