۔18 مویشی فوت، 146 گھروں کو نقصان ، حکومت کی امداد
لکھنؤ۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اُترپردیش میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش سے متعلق مختلف واقعات میں کم سے کم 16 افراد فوت اور دیگر 12 زخمی ہوگئے۔ شاہجہاں پور میں گزشتہ روز بارش سے بڑے پیمانے پر تباہ کاری ہوئی جہاں بجلی گرنے سے کم سے کم 6 افراد فوت اور دیگر 11 زخمی ہوگئے۔ اترپردیش کے ریلیف کمشنر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’شاہجہاں پور میں 6 افراد اور سیتاپور میں دیگر 3 افراد فوت ہوئے ہیں‘‘۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’اوریہ اور امیٹھی میں بھی 2، 2 افراد فوت ہوئے ہیں۔ لکھیم پور کھیری، رائے بریلی اور اناؤ میں ایک ایک شخص بارش سے فوت ہوا۔ یہ تمام اموات کل ہوئی ہیں۔ سرکاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بارش کے سبب 18 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔ علاوہ ازیں 461 گھروں کو جھونپڑیوں کو نقصان پہونچا ہے۔ شاہجہاں پور میں ضلع انتظامیہ نے توثیق کی کہ بارش کے دوران بجلی گرنے سے 4 بچوں سمیت 6 افراد فوت ہوئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ امرت ترپاٹھی نے کہا کہ کانت پولیس اسٹیشن کے تحت موضع شمشیر پور میں ہفتہ کو چند نوجوان اپنے مویشی چَرانے میں مصروف تھے کہ اچانک بارش کے سبب انہیں ایک درخت کے نیچے پناہ لینے پر مجبور ہونا پڑا۔ مجسٹریٹ نے کہا کہ ’’24 سالہ موہت، 5 سالہ ببلو، 10 سالہ انمول اور 11 سالہ دبلو بجلی گرنے سے برسرموقع ہلاک ہوگئے۔ دیگر 3 زخمی بھی ہوئے ہیں‘‘۔ نبی پور گاؤں میں 11 سالہ وندنا سکندر پور میں 42 سالہ اشوک فوت ہوگئے۔ متوفیوں کے خاندانوں کو 4 لاکھ روپئے کی مالی امداد پہونچائی گئی۔