اقتدار میں آنے کے بعد بی جے پی لیڈروں کا نشہ اس قدر ان پر حاوی ہے کہ اکثر انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے ساتھ وہ بدتمیزی کرتے ہوئے دیکھے جاتے ہیں اور اس سے متعلق خبریں بھی شائع ہوتی رہی ہیں۔ تازہ معاملہ آگرہ کا ہے۔ فتح پور سیکری سے بی جے پی رکن اسمبلی اودے بھان چودھری نے برسرعام خاتون سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) گریما سنگھ کو دھمکی دی ہے۔ اس دھمکی پر مبنی بی جے پی رکن اسمبلی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے۔
ویڈیو میں اودے بھان ایس ڈی ایم پر چیختے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ ”آپ حکومت کے خلاف کام کر رہی ہیں۔ ہمیں دکھانا چاہتی ہیں کہ آپ ایس ڈی ایم ہیں؟ آپ کو معلوم نہیں میں رکن اسمبلی ہوں؟ میری طاقت کا احساس نہیں ہے؟ جمہوریت کے پاور کا احساس نہیں؟ آپ ایک نوکر ہیں۔” اتنا ہی نہیں، رکن اسمبلی نے انتہائی بھدّے طریقے سے خاتون ایس ڈی ایم کو اس کے دفتر جانے کا حکم بھی دیا۔ ویڈیو کے آخر میں صاف نظر آ رہا ہے کہ بی جے پی رکن اسمبلی کی اس غلط حرکت کے بعد ان کے حامیوں نے ایس ڈی ایم مردہ باد کے نعرے بھی لگائے۔
دراصل برف باری سے برباد ہوئی فصل کا معاوضہ نہ ملنے پر سینکڑوں کسان تحصیل کراولی کا گھیراؤ کرنے پہنچے تھے۔ مشتعل کسانوں نے بی جے پی رکن اسمبلی اودے بھان سنگھ کو تحصیل میں گھیر لیا اور ناراضگی ظاہر کرنے لگے۔ شور شرابہ سن کر ایس ڈی ایم کراولی گریما سنگھ اپنے دفتر سے باہر آ گئیں۔ انھوں نے کسانوں سے کہا کہ میرے سمجھانے پر بھی آپ لوگ ماننے کو تیار نہیں ہیں۔ بینک اکاؤنٹ نمبر ملنے پر آپ کو معاوضہ مل جائے گا۔ یہ سن رکن اسمبلی چودھری اودے بھان سنگھ مشتعل ہو گئے اور ایس ڈی ایم کو کافی برا بھلا کہا۔
اس تعلق سے جب میڈیا نے ضلع مجسٹریٹ این جی روی کمار سے بات کی تو انھوں نے کہا کہ ”میں نے ایس ڈی ایم اور رکن اسمبلی دونوں کو اس معاملے میں بات کرنے کے لیے بلایا ہے۔” حالانکہ اس معاملے میں ابھی تک کسی طرح کی کوئی شکایت درج نہیں کی گئی ہے۔
بی جے پی اراکین اسمبلی کی دبنگئی کا یہ پہلا معاملہ نہیں ہے۔ گزشتہ دنوں کی بات ہے جب آگرہ کے کھیراگڑھ اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی مہیش گویل کا انسپکٹر کو ڈانٹتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔ بی جے پی رکن اسمبلی مہیش گویل تھانہ میں ایک آٹو چھڑوانے کے لیے پہنچے تھے، لیکن جیسے ہی تھانہ پہنچے انسپکٹر کو دیکھتے ہی ناراض ہو گئے اور انسپکٹر کو رکن اسمبلی اور حکومت کے لوگوں سے کس طرح بات کی جاتی ہے، اس کی تمیز سکھانے لگے۔ اس دوران رکن اسمبلی مہیش گویل پولس کے سامنے ہی غلط زبان کا استعمال کرتے ہوئے نظر آئے۔
#WATCH Agra: BJP MLA Udaybhan Chaudhary threatens SDM Garima Singh, says 'Don't you know I am an MLA? Don't you realize my power, the power of democracy?' He had gone to meet the SDM over farmer issues (17.12.18) pic.twitter.com/3lfTlXAi46
— ANI UP (@ANINewsUP) December 18, 2018