مرکز سے این ڈی آر ایف ٹیم فوری روانہ، راجناتھ سنگھ کا بیان
نئی دہلی۔یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت نے فوری بچائو ٹیمیں موسلادھار بارش اور زمین کھسکنے کے واقعات سے متاثرہ اتراکھنڈ کو روانہ کردیں اور تیقن دیا کہ اس پہاڑی ریاست کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ فورس کی ٹیم فوری روانہ کردی گئی۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے چیف منسٹر ہریش راوت سے ٹیلی فون پر ربط پیدا کیا اور بادل پھٹ پڑنے اور موسلادھار بارش کے نتیجہ میں پتھورا گڑھ اور چمولی اضلاع میں پیدا ہونے والی صورتحال کی تفصیلات سے واقفیت حاصل کی۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ضروری ہو تو این ڈی آر ایف کی مزید ٹیمیں روانہ کی جائے گی جنہیں تیار رہنے کی ہدایت دی جاچکی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ نے انسانی جانوں کے ذائع ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا۔ کم از کم 30 افراد ہلاک اور دیگر 25 لاپتہ ہوگئے جبکہ اتراکھنڈ کے اضلاع پتھورا گڑھ اور چمولی میںآج رات کے آخری پہر سے موسلادھار بارش اور زمین کھسکنے کے واقعات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔