اب ایمرجنسی نمبر 112

نئی دہلی،19فروری(یواین آئی)ملک میں ہر ایمرجنسی کےلئے آج سے ایک ہی نمبر ’112‘ شروع ہوگیا۔موجودہ پولیس ہیلپ لائن نمبر ’100‘ کو اس سے جوڑ دیا گیا ہے جبکہ پہلے سے استعمال کئے جانے والے دیگر نمبروں کو جوڑنے کا عمل جاری ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی موجودگی میں خواتین و اطفال کے فلاح وبہبود کی وزیر مینکا گاندھی نے منگل کو ایک پروگرام میں ریموٹ کا بٹن دباکر ’112‘ نمبر کی شروعات کی اور ’112ایپ‘ لانچ کیا۔کل 17ریاست اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں میں یہ نمبر آج سے شروع ہوگیا ہے جبکہ دیگر ریاستوں میں اسے اس سال کے آخر تک شروع کرنے کا ہدف ہے۔فیچر فون پر 5 یا 9 کے بٹن کے زیادہ دیر کےلئے دباکر بھی 112 ڈائل کیا جا سکے گا۔اسمارٹ فون پر شارٹ کٹ میں اسے ڈائل کرنے کےلئے پاور بٹن کو تین بار دبانا ہوگا۔
پروگرام میں خواتین کے تحفظ کے نظریے سے اہم دو اور پہل لانچ کی گئی ہیں۔محترمہ گاندھی نے ’محفوظ شہر عمل درآمدگی نگرانی پورٹل ‘اور مسٹر سنگ نے ’جنسی جرائم‘ کی جانچ کی صورت حال پتہ کرنے کےآن لائن سسٹم کو لانچ کیا۔
’112ایپ‘ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد اس میں 10رشتہ داروں یا دوستوں کے نمبر جوڑے جاسکتے ہیں اور جب کبھی فون رکھنے والا 112 ڈائل کرے گا،اس سے جڑے سبھی نمبروں کو بھی اس کی اطلاع مل جائےگی۔

ایپ جی پی ایس یا موبائل آپریٹر کے ٹاور کے ذریعہ نمبر ڈائل کرنے والے کی لوکیشن اپنے آپ پتہ کر لے گا۔
ایپ کے ذریعہ عام لوگ رضاکار کے طورپر خود کو رجسٹر کرا سکتے ہیں۔جب بھی کوئی شخص 112 نمبر ڈائل کرے گا تو پولیس کے ساتھ ہی قریبی رضاکار کو بھی ایک پیغام چلا جائےگا۔اس نمبر پر کی گئی پوری بات ریکارڈ ہوگی۔