آٹو رکشا ڈرائیور کا بیٹا انصار احمد شیخ کم عمر ترین آئی اے ایس عہدیدار

جالنہ  ( مہاراشٹرا ) یکم اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک آٹو رکشہ والے کا بیٹا انصار احمد شیخ ملک کا کم عمر ترین آئی اے ایس عہدیدار بن گیا ۔ 21سالہ مسلم لڑکا ضلع جالنہ کے ایک چھوٹے سے دیہات کا متوطن ہے اس نے یو پی ایس سی امتحان 2015کامیاب کرتے ہوئے 371واں رینک حاصل کیا تھا اور اب ملک کا کم عمر ترین آئی اے ایس عہدیدار بن کر ابھر آیا ہے ۔ قبل ازیں رومن سائینی ملک کا کم عمر ترین آئی اے ایس عہدیدار تھا جس نے 2013ء میں 22سال کی عمر میں یو پی ایس سی امتحان کامیاب کیا تھا ۔ مسلم لیبر ڈاٹ کام کو انٹرویو دیتے ہوئے انصار نے کہا کہ انہیں مغربی بنگال کیڈر سے آئی اے ایس کا عہدہ حاصل ہوا ۔ وہ27اگست کو مسوری میں تربیت کیلئے حاضر ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرے خواب کی تعبیر ہے ۔ میں خدا کا شکرگذار ہوں کہ اُس نے میری سخت محنت کا یہ انعام دیا ہے ۔ انہوں نے اپنی کامیابی کو والدین کی دعاؤں اور چھوٹے بھائی انیس کی قربانیوں کا نتیجہ قرار دیا ۔ انصار کے والد آٹو چلاتے ہیں اور پورا خاندان روزگار کیلئے محنت کرتا ہے ۔