آندھرا پردیش کیلئے مرکز کے خصوصی مالیاتی پیاکیج کا اعلان

پولاورم پراجکٹس کیلئے فنڈز کی فراہمی، دو اہم ٹیکس رعایتیں اور مزید خصوصی مالی اعانت: ارون جیٹلی

نئی دہلی۔/7ستمبر، ( پی ٹی آئی) مرکز نے آج رات دیر گئے آندھرا پردیش کیلئے ایک خصوصی مالیاتی پیاکیج کا اعلان کیا جس میں پولاورم آبپاشی پراجکٹ کیلئے تمام فنڈز کی فراہمی، ٹیکس رعایتیں اور خصوصی امداد شامل ہے لیکن اس اعلان میں آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا موقف دینے سے گریز کیا گیا۔ آندھرا پردیش کو جون 2014 میں علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے سبب بڑے پیمانے پر مالی نقصانات ہوئے تھے جس کی آج پابجائی کی ایک کوشش کے طور پر ایک ریلوے زون قائم کیا جائے گا اور پولاورم پراجکٹ کو یکم اپریل 2014کو قومی پراجکٹ قرار دیئے جانے کی تاریخ سے تمام فنڈز مرکز کی طرف سے ہی فراہم کئے جائیں گے۔ تاہم حکومت آندھرا پردیش ہی اس پراجکٹ کو روبہ عمل لائے گی۔ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے اب سے چند گھنٹوں بعد یعنی جمعرات کی صبح 9 بجے سے شروع ہونے والے آندھرا پردیش اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے قبل رات دیر گئے طلب کردہ ایک پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔ جیٹلی نے آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کی راہ میں 14ویں فینانس کمیشن کی طرف سے پیدا کردہ رکاوٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کے موقف سے محرومی کی پابجائی کیلئے آئندہ پانچ سال تک خصوصی امدادی اقدام کے طور پر مرکز کی طرف سے مساویانہ فنڈز فراہم کئے جائیں گے جو بیرونی امدادی پراجکٹوں کی شکل میں جاری کئے جائیں گے۔ جیٹلی نے کہا کہ آندھرا پردیش کو بہت جلد ٹیکس کی دو خصوصی رعایتیں بھی دی جائیں گی جن کی تفصیلات بہت جلد سی بی ڈی ٹی کی طرف سے تیار کی جائیں گی۔ آندھرا پردیش گذشتہ دو سال سے خصوصی ریاست کے موقف کا مطالبہ کررہا تھا کیونکہ معاشی طاقت کا محور و مرکز سمجھے جانے والے شہر حیدرآباد سے اس کی دوری کے سبب مالی مسائل کا سامنا تھا۔

 

مرکز کے پیاکیج پر چندرا بابو بھی خوش
خصوصی موقف کے مساوی مراعات پر اصرار: چندرا بابو
حیدرآباد۔/7ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آندھرا پردیش کیلئے مرکزی حکومت کے اعلان کردہ پیکیج کا جہاں ایک طرف خیرمقدم  کیا ہے وہیں دوسری طرف اس اعلان کو قانونی موقف فراہم کرتے ہوئے ریاست آندھرا پردیش کیلئے فوری رقومات کی فراہمی کیلئے اقدامات کرنے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا۔ آج نصف شب کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آندھرا پردیش کیلئے اسپیشل پیاکیج کا اعلان کئے جانے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ مرکزی حکومت نے آندھرا پردیش کیلئے خصوصی موقف دینے کے سلسلہ میں فنی اعتبار سے ممکن نہ رہنے کا اظہار کرتے ہوئے اسی مناسبت سے ریاست کو کتنی رقومات حاصل ہونا چاہیئے ان تمام رقومات کو فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ فراہم کی جانے والی رقومات کو پہلے ہمیں حاصل کرلینا چاہیئے تاکہ جاری ترقیاتی کام مکمل کئے جاسکیں۔ اگر مرکزی حکومت کے اعلان کردہ رقومات نہ لئے جائیں تو ریاست کی ترقی بھی ناممکن ہوکر رہ جائے گی۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے واضح طور پر کہا کہ مرکزی حکومت نے آج اپنے موقف کو واضح کرتے ہوئے خصوصی موقف دینے سے مجبوری کا اظہار کرنے اس کے مساوی جو رقومات ریاست کو واجب الادا ہوں گی دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کیلئے اور بھی مزید اعلانات مرکزی حکومت کی جانب سے کئے جانے باقی ہیں لہذا آج کے اعلانات کو روبہ عمل لانے کیلئے مرکز حکومت پر اپنے دباؤ کو برقرار رکھا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مرکزی حکومت نے پولاورم پراجکٹ کیلئے صد فیصد رقومات فراہم کرنے کا بھی آج واضح طور پر اعلان کیا ہے اور ان رقومات کو تیزی کے ساتھ ( فاسٹ ٹریک کے ذریعہ ) جاری کئے جائیں تو پولاورم پراجکٹ کو مقررہ وقت میں یعنی سال 2018 تک مکمل کیا جاسکے گا۔ اگر رقومات کی فراہمی میں تاخیر ہونے کی صورت میں پولاورم پراجکٹ کے مصارف میں بھی مزید اضافہ ہوگا۔
مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے اخباری نمائندوں کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے آج جو اعلانات آندھرا پردیش کے تعلق سے کئے گئے اس سے نہ صرف ریاست آندھرا پردیش کو ایک طمانیت حاصل ہوئی ہے بلکہ کافی حد تک راحت بھی حاصل ہوئی ہے۔ تاہم انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بہرصورت آج کے اعلانات کو قانونی موقف فراہم کرنے کے احکام جاری کرنے کا مرکزی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا۔