حیدر آباد : آندھراپردیش کے وزیر اعلی این چند رابابو نائیڈو نے مرکزی حکومت پر پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت کو غیر مستحکم کرنے کے منصوبہ بنائے جارہے ہیں ۔انہیں اس بات کا خوف ہے کہ مستقبل میں ریاست میں بے چینی پیدا کرنے منادر ، چرچس اور مساجد پر حملے ہوسکتے ہیں۔
ضلع کلکٹرس کی کانفرنس کے دوسرے دن خطاب کرتے ہوئے آندھراپردیش کے وزیر اعلی این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ میں نے پہلے ہی میرے پروگرام کو حتمی شکل دے دی ہے کہ کس طرح مرکزی حکومت کی کارروائی کا سامنا کیا جاسکے ۔ میں مرکزی حکومت کے غیر جمہوری اقدامات پر ملک گیر سطح پر عوام میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دے رہا ہوں۔مجھے یقین ہے کہ عوام سے مجھ کو بہتر تعاون حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار آنے کے بعد تیسری مرتبہ بڑے پیمانے پرآئی ٹی کے چھاپہ مارے گئے ہیں تاکہ تاجروں میں خوف وہراس کا ماحول پیدا کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ سلسلہ وار آئی ٹی چھاپوں کے نتیجہ میں سرمایہ کا خوفزدہ ہوں گے اور ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیدا ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت اس طرح حرکات سے باز نہیں آئی تو اسے بھاری قیمت چکانی پڑے گی ۔مسٹر نائیڈو نے عہدیداروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی سنسنی پر پریشان نہ ہوں کیونکہ ایسے واقعات ریاست میں آچکے ہیں۔ مرکزی حکومت اے پی میں چھاپوں کیلئے اترپردیش کے آئی ٹی عہدیداروں کو تعینات کررہی ہے ۔