سڈنی۔ یکم اپریل۔(سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا میں طوفان اور شدید بارش کی وجہ سے آنے والے سیلاب کی زد میں آکر دو افراد ہلاک جبکہ لاکھوں لوگ اب بھی سیلاب میں پھنسے ہوئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ جمعہ کو دیر رات انھوں نے دو خواتین کی لاشیں برآمد کیں۔ پہلی لاش سیلاب کی وجہ بنے دلدلی علاقے میں ملی تو وہیں دوسری لاش غوطہ خوروں کو ایک گاڑی میں ملی جوکہ سیلاب میں بہہ گئی تھی۔ آسٹریلیا میں چہارشنبہ اور جمعرات کو آئے ایک طاقتور گردابی طوفان ڈیبی کی وجہ سے کئی علاقوں کے ہزاروں گھروں میں بجلی گل ہو گئی۔ تیز ہواؤں، بھاری بارش اور سمندری لہروں سے گھروں کو بھاری نقصان پہنچا ہے ۔ طوفان سے ایک لاکھ سے زیادہ گھروں میں بجلی اور ٹیلی فون کی لائنیں ٹوٹ گئی ہیں جس سے انتظامیہ کو کسی سے رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے ۔موسمیات بیورو نے کہا کہ چھ بڑی ندیوں کی آبی سطح اب بھی بڑھ رہی ہے جس سے سیلاب زدہ علاقوں میں اضافہ ہو رہا ہے ۔