آسام کے عوام صبر و تحمل سے کام لیں ، انہیں بھی موقع ملے گا : مولانا سید ارشد مدنی 

نئی دہلی : نیشنل رجسٹر ڈ آف سٹیزن (این آر سی ) کی آخری فہرست جاری ہونے کے بعد جمعیۃ علماء ہند سرگرم ہوگئی ہے ۔صدر جمعیۃ علماء ہند مولا نا سید ارشد مدنی نے این آر سی کی حتمی فہرست سے محروم لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان قائم رکھیں او رصبر و تحمل سے کام لیں کیو نکہ سب کو اپنی شہریت ثابت کرنے کا موقع ملے گا ۔

واضح رہے کہ آسام میں این آر سی کی حتمی فہرست آچکی ہے ۔اور ایک اندازہ کے مطابق فہرست میں تقریبا ۴۰؍ لاکھ ہندو مسلم لوگوں کے نام شامل نہیں ہیں ۔چنانچہ یہ فکر لاحق ہے کہ کہیں محروم آسامی کوئی غلط قدم نہ اٹھائیں او ر اس کی وجہ سے کہیں حالات خراب نہ ہوجائیں ۔مولانا نے واضح کیا کہ جن لوگوں کے نام اس فہرست میں نہیں ہیں انہیں اپنی شہریت ثابت کرنے کیلے مزید مہلت دی گئی ہے ۔

مولانا مدنی نے کہا کہ اس کے لئے جگہ جگہ مراکز بھی قائم کئے گئے ہیں ۔لوگ اپنے متعلقہ مراکز پر شہریت کے مطلوبہ کاغذات لے جا کر جمع کروائیں ۔مولانا مدنی نے کہا کہ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے یہ بات کہی ہے کہ سب کو اپنی شہریت ثابت کرنے کا موقع دیا جائے گا ۔