الفا تنظیم نے آئی ایس آئی ایس طرز کا ویڈیو جاری ۔ انسانی بنیادوں پر رہا کرنے چیف منسٹر کی اپیل
گوہاٹی 22 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) آسام کے تنسوکیہ ضلع میں ایک بی جے پی لیڈر کے فرزند کا اغوا کرلیا گیا ہے جبکہ پریش بروا کی قیادت والی الفا تنظیم نے آئی ایس آئی ایس کی طرز پر ایک ویڈیو جاری کیا ہے جس میں بی جے پی لیڈر کے فرزند کو مسلح اور نقاب پوش عسکریت پسندوں کے نرغے میں دکھا یایا گیا ہے اور یہ لڑکا چیف منسٹر سربانندا سونوال سے اپیل کر رہا ہے کہ وہ اسے جلد رہا کروالیں۔ الفا تنظیم نے اس لڑکے کی رہائی کیلئے ایک کروڑ روپئے تاوان کا مطالبہ کیا ہے ۔ یہ ویڈیو مقامی ٹی وی چینلس پر آج دکھایا گیا جس میں بتایا گیا کہ بی جے پی لیڈر و تنسوکیہ ضلع پریشد کے نائب صدر نشین لکیشور موران کافرزند کلدیپ ‘ چیف منسٹر سونوال‘ اپنے چچا اور بی جے پی رکن اسمبلی بولن چیتیا اور اپنے والدین سے اپیل کر رہا ہے کہ وہ اسے رہا کروالیں۔ اس لڑکے کو پانچ مسلح نقاب پوش گھیرے میں لئے ہوئے ہیں اور اپنی رائفلیں اس لڑکے پر تانے ہوئے ہیں۔ یہ منظر کسی جنگل کے علاقہ کا ہے ۔ لڑکا کیمرہ کو دیکھتے ہوئے اپنے مصائب بیان کر رہا ہے ۔ وہ اپنی بگڑتی ہوئی صحت ‘ اپنی زندگی کو درپیش خطرات کو بیان کر رہا ہے اور کہا کہ اغوا کاروں اور سکیوریٹی فورسیس کے مابین اگر جھڑپ ہوتی ہے تو وہ مارا جاسکتا ہے ۔ اس دوران چیف منسٹر سربانندا سونوال نے آج رات اغوا کاروں سے اپیل کی کہ وہ انسانی بنیادوں پر اس لڑکے کو رہا کردیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اغوا کاروں سے اپیل کرتے ہیں کہ انسانی بنیادوں پر اس لڑإے کو رہا کردیں ۔ ان کی حکومت کا ماننا ہے کہ تشدد سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوسکتا اور ہم قیام امن کی کوششوں کے پابند ہیں۔ رکن اسمبلی چیتیا نے کہا کہ انہیں اغوا کاروں سے فون کال موصول ہوا ہے جس میں انہوں نے ایک کروڑ روپئے تاوان کا مطالبہ کیا ہے ۔