آر ایس ایس، بی جے پی جمہوریت کیلئے خطرہ

ہندوستان میں عدم رواداری کو پھیلانے کیلئے زعفرانی ٹولہ ذمہ دار
علیگڑھ ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے اے آئی ایس ایف کی ونگ نے آج ایک سمینارمنعقد کیا جس کا عنوان ’’جمہوریت، آزادی، ثقافت اور طلبہ کی جدوجہد کو خطرہ‘‘ تھا۔ اس سمینار کی صدارت کرتے ہوئے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی لیڈر نے کہا کہ آر ایس ایس، بی جے پی ہندوستانی جمہوریت کیلئے خطرہ ہیں۔ زعفرانی ٹولہ نے ہندوستان میں عدم رواداری کو پھیلا کر نفرت کی دیواریں کھڑی کرنا شروع کردی ہیں۔ پروفیسر عرفان حبیب تاریخ داں اور اے آئی ایس ایف کے قومی صدر سید ولی اللہ قادری، ڈاکٹر گریش شرما سابق علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اسٹوڈنٹ اور سی پی آئی کے سکریٹری راحیلہ پروین، شعیب شیروانی، فلم ڈائرکٹر اور پروڈیوسر علیگڑھ مسلم یونیورسٹی سی پی آئی سکریٹری اور دیگر مقامی اے آئی ایس ایف قائدین ماریا ڈونا اور انیس کمار اس سمینار میں شریک تھے۔ سمینار کا اختتام ڈاکٹر بی شرما اور سید ولی اللہ قادری نے کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر عرفان حبیب  نے کہا کہ ہندوستان میں جمہوریت، آزادی، ثقافت اور طلبہ کی جدوجہد کو سنگین خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ سید ولی اللہ قادری نے بھی سمینار سے خطاب کیا اور کہا کہ اے آئی ایس ایف اس وقت آر ایس ایس اور بی جے پی کے خلاف مضبوطی سے ڈٹی ہوئی ہے۔ یہ زعفرانی ٹولہ نہ صرف ہندوستان میں عدم رواداری کو پھیلا رہا ہے بلکہ اقلیتوں کے اندر خوف و ہراسانی پیدا کررہا ہے۔ اس سے بین الاقوامی سطح پر ملک کا وقار پامال ہورہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی فرقہ پرست پارٹیوں کی قیادت میں ملک ہرگز ترقی نہیں کرسکتا۔ راحیلہ پروین نے کہا کہ پونے میں مسلمانوں کا قتل اور یو پی میں اخلاق احمد کا قتل سراسر بی جے پی اور آر ایس ایس کی پھیلائی گئی دہشت گردی کا نتیجہ ہے۔