نئی دہلی : فوجی سربراہ جنر ل بپن راوت نے کہا کہ آرمی جوانوں کو اسمارٹ فونس اور سوشل میڈیا سے دور نہیں رکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا استعمال مناسب طریقہ سے کرنا ضروری ہے ۔بپن راوت نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا کہ حکومت نوجوانوں کو سوشل میڈیا سے دور رکھنا چاہتی ہے ۔آرمی چیف بپن راوت نے کہا کہ ہم سے کہا گیا کہ ہم اپنے جوانوں کو سوشل میڈیا سے دور رہنے کا مشورہ دیں لیکن کیا آپ آپ ایک فوجی جوان کو اسمارٹ فون سے دور رکھ سکتے ہیں ۔
اگر آپ فوج میں اسمارٹ فون کا استعمال روک نہیں سکتے تو بہتر ہے کہ اس کی اجازت دے دی جائے لیکن اس کا استعمال منظم طریقہ سے کیا جائے ۔ایک سوال کے جواب میں آرمی چیف بپن راوت نے کہا کہ غیر اخلاقی طرز عمل او ربد عنوانی کے خلاف فوج سخت کارروائی کرے گی او راگر میجر لتل گوگوئی غیر اخلاقی طرز عمل کے قصور وار پائے جاتے ہیں تو انہیں بخشا نہیں جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں کورٹ آف انکوائری نے میجر گوگوئی کے خلاف ان کے قصور کے مطابق کارروائی کرنے کی سفارش کی ہے ۔بپن راوت نے کہا کہ گوگوئی کے خلاف کے ان کے قصور کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔ اگر وہ غیر اخلاقی طرز عمل کے قصور وار پائے جاتے ہیں تو اس کے مطابق ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور اس جرم کے مطابق انہیں سزا سنائی جائے گی ۔
واضح رہے کہ میجر گوگوئی کو جاریہ سال ۲۳؍ مئی کوسری نگر کے ممتا ہوٹل سے اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب وہ ایک لڑکی کے ساتھ اس ہو ٹل میں پائے گئے تھے ۔پولیس نے اس لڑکی سے پوچھ تاچھ کے بعد اسے رہا کردیا ور گوگوئی کے خلاف کورٹ آف انکوائری قائم کی تھی ۔