آربی آئی کے پاس نوٹ چھاپنے کے لئے سیاہی او رکاغذ کی کمی: رپورٹ

نئی دہلی:مودی حکومت اور ریزرو بینک یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ ملک میں کیش کی کوئی کمی نہیں ہے اور مانگ کو پورا کرنے کے لئے زائد کرنسی چھاپ رہی ہے۔لیکن ایک انگریزی اخبار ’’اکنامک ٹائمس ‘‘ کی ایک رپورٹ نے حکومت کی قلعی کھول دی ہے۔رپورٹ میں بینک کے باوثوق ذرائع کے حوالہ سے دعویٰ کیا گیاہے کہ آر بی آئی کے پاس نوٹ چھاپنے کے لئے سیاہی او رکرنسی پیپر کی کمی ہوگئی ہے جس کی وجہ سے نوٹ کی سپلائی مسدود ہوگئی ہے۔

اخباری رپورٹ میں دعوی کیاگیا ہے کہ ریزرو بینک ڈیمانڈ کے مطابق نوٹو ں کی سپلائی محض اس لئے نہیں کر پا رہاہے کہ کیوں کہ اس کے پاس وسائل کی کمی ہوگئی ہے۔جس میں کرنسی پیپر اور سیاہی سب سے اہم ہے ۔

اس وقت ملک میں کیش سرکولیشن ۱۸؍ لاکھ کروڑ روپے سے زائد ہے ۔جب کہ نوٹ بندی کے وقت ۱۷ ؍ لاکھ کروڑ روپیے تھے۔آر بی آئی کے باوثوق ذرائع کے مطابق نوٹوں کی سپلائی کے لئے آربی آئی بنک تیار ہے لیکن نوٹوں کی چھپائی کے لئے سیاہی او رپیپر کم پڑگیا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ۲ ؍ ہزار روپے کے نوٹ جنہیں جمع کرکے رکھنے میں آسانی ہوتی وہ سسٹم میں اتنی تیزی کے ساتھ واپس نہیں آرہے ہیں جس کی وجہ سے بنک نے کچھ عرصہ سے ان نوٹوں کی سپلائی روک دی ہے۔۲؍ ہزار کے نوٹ چونکہ بڑی مالیت کے نوٹ ہیں اس لئے ان کی کالا بازاری کا بھی خطرہ رہتا ہے۔