مرکز کی پاکستان پالیسی پر تنقید ، ہر بات پر بی جے پی کی تنقید ، لندن میں راہول گاندھی کی تقریر
لندن ۔ 24 اگست (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج آر ایس ایس کا بنیاد پرست اسلامی تنظیم اخوان المسلمین سے تقابل کیا جس پر بی جے پی برہم ہوگئی اور انہوں نے اس تقابل پر راہول گاندھی سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا۔ راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ آر ایس ایس بی جے پی کی نظریاتی سرپرست ہے اور ہندوستان کی نوعیت کو تبدیل کردینے اور اس کے دستوری اداروں پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کا یہ نظریہ عالم عرب کی اخوان المسلمین کے مساوی ہے۔ راہول گاندھی نے کل بھی آر ایس ایس پر جرمنی میں تنقید کی تھی۔ راہول گاندھی کے بموجب بی جے پی ان کی ہر بات پر تنقید کیا کرتی ہے۔ صدر کانگریس نے اپنے دورہ کے موقع پر برطانیہ کی اہم اپوزیشن لیبر پارٹی کے قائدین سے ملاقاتیں بھی کیں۔ برہم بی جے پی نے راہول گاندھی پر الزام عائد کیا کہ وہ بہت زیادہ مغرور ہیں اور بیرون ملک ہندوستان کی شبیہہ کسی کرایہ کے قاتل کے طور پر پیش کرتے ہوئے اسے بدنام کررہے ہیں۔ بی جے پی کے ترجمان سمبت پترا نے اپنے بیان میں یہ بات کہی۔