آدھار کسی کی پرائیویسی کیلئے خطرہ نہیں : بل گیٹس

دیگر ممالک کو بھی یہی طریقہ کار اپنانے عالمی بینک
کی فنڈنگ، آدھار کے بے شمار فوائد
نندن نلیکانی میرے بہترین دوست

واشنگٹن ۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی آدھار ٹیکنالوجی سے کسی کی خانگی زندگی میں مداخلت (پرائیویسی) کا کوئی خطرہ موجود نہیں ہے لہٰذا بل اور ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے عالمی بینک کو اس سلسلہ میں فنڈنگ کی ہے تاکہ یہی اقدامات دیگر ممالک میں بھی کئے جائیں جو یقینا قابل اعتماد ہیں۔ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے آج یہ بات کہی۔ 62 سالہ ارب پتی جو ایک بہترین تاجر، صنعتکار اور مخیر شخصیت کے حامل ہیں، نے کہا کہ نندن نیلکانی جو انفوسیس کے بانی ہیں اور انہیں آدھار کا چیف آرکیٹکٹ تصور کیا جاتا ہے، اس پراجکٹ پر عالمی بینک کے ساتھ پورا تعاون کررہے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ہندوستان کی آدھار ٹیکنالوجی دیگر ممالک کیلئے بھی قابل استعمال ہے؟ تو انہوں نے اثبات میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ آدھار کے بے شمار فوائد ہیں۔ ہندوستان میں زائد از ایک بلین افراد آدھار سے مربوط ہیں جو دنیا کا اعظم ترین بائیومیٹرک آئی ڈی (شناختی) طریقۂ کار ہے۔

ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے بل گیٹس نے کہا کہ دیگر ممالک کو بھی ہندوستان کی تقلید کرنی چاہئے کیونکہ کسی بھی حکومت کے حکومت کرنے کے طریقہ کار کو اس وقت آسانی سے آزمایا جاسکتا ہے کہ وہ کس طرح عاجلانہ طور پر اپنی معیشت کو فروغ دیتی ہے اور کس طرح اپنی عوام کو بااختیار بناتی ہے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسی آدھار طریقہ کار کو دیگر ممالک میں متعارف کرنے کیلئے ہم نے عالمی بینک کی فنڈنگ کی ہے۔ یہ سمجھا جارہا ہیکہ بعض ممالک نے جن میں ہندوستان کے پڑوسی ممالک بھی شامل ہیں، ہندوستان سے رابطہ قائم کرتے ہوئے اس معاملہ میں رہنمائی کی خواہش کی ہے۔ ہندوستان کے بعض گوشوں میں ادھار کی وجہ سے عوام کی خانگی زندگی (پرائیویسی) کو لاحق خطرات کے بارے میں پوچھے جانے پر بل گیٹس نے وضاحت کی کہ آدھار سے پرائیویسی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔ یہ محض ایک شناختی تصدیق کی ایک اسکیم ہے۔ میں نندن نیلکانی کا دوست ہوں اور ان کی جانب سے کئے گئے کاموں کی ستائش بھی کرتا ہوں جن میں ڈیجیٹائزیشن بھی شامل ہے جو شعبہ تعلیم اور ساتھ ہی گورننس کے شعبہ میں ایک کارآمد معاون ثابت ہوگا۔ آدھار 12 ہندسوں پر مشتمل ہندوستانیوں کیلئے ایک منفرد شناختی نمبر ہے جو ان کے بائیو میٹرک اور ڈیموگرافک ڈیٹا پر مبنی ہوتا ہے۔