آج یوم جمہوریہ ، ملک بھر میں سخت سکیورٹی صدر فرانس مہمان خصوصی

نئی دہلی 25 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک بھر میں کل یوم جمہوریہ کے پیش نظر انتہائی سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں اور بالخصوصی نئی دہلی و پڑوسی ریاستوں میں خاص طورپر ’ڈرون طیاروں‘ پر نظر رکھی جارہی ہے جو ایک خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں ۔ دہلی میں پہلے ہی انتہائی سخت چوکسی اختیار کی جاچکی ہے ۔ کل یوم جمہوریہ تقریب میں صدر فرانس فرینکوئس اولاند مہمان خصوصی ہونگے ۔ یوم جمہوریہ پریڈ کے پیش نظر نئی دہلی میں 71 بلند و بالا عمارتوں کو کل جزوی یا مکمل طورپر بند کردیا جارہا ہے ۔ دہلی پولیس سربراہ بی ایس بسی نے پولیس فورس اور پڑوسی ریاستوں کی پولیس کو خاص طورپر ڈرون طیاروں پر نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار کے بموجب ڈرون طیارے سکیورٹی خطرہ بن کر اُبھرے ہیں ۔ یہ اس لئے کہا جارہا ہے کہ تین ماہ قبل اندرا گاندھی ایرپورٹ کے قریب ڈرون طیارہ دستیاب ہوا ۔ پولیس نے اس بارے میں اطلاع دینے والے کو ایک لاکھ روپئے انعام کا اعلان کیا تھا ۔ ملک بھر میں تمام ریاستی دارالحکومت اور بڑے شہروں میں اور حساس مقامات و کلیدی تنصیبات پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔ پنجاب میں جہاں حال میں پٹھان کوٹ دہشت گرد حملہ ہوا تھا بس اسٹیشنوں ، ریلوے اسٹیشنس اور سرکاری عمارتوں پر زائد سکیورٹی تعینات کی گئی ہے ۔ کشمیر میں عسکریت پسندوں کے یوم جمہوریہ تقاریب کو متاثر کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے مقصد سے سکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے ۔ سرینگر میں بخشی اسٹیشن کے اطراف پولیس عملہ تعینات ہے ۔ پنجاب اور ہریانہ بین ریاستی سرحدوں کے تمام چیکس پوسٹس پر چوکسی اختیار کی جارہی ہے ۔