جودھپور-آج یہاں مارواڑ مسلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام چلنے والے پری پرائمری سے سینیئر سکنڈری تک کے اداروں کے طلبہ و طالبات نے ۷۲ویں جشنِ آزادی کو بڑی دھوم دھام سے منایا۔
یاد رہے کہ ان تمام تعلیمی اداروں میں ۱۳؍ہزار بچے زیرِ تعلیم اور ۸۰۰؍سے زیادہ اساتذہ اور غیر تدریسی کارکنان شامل ہیں۔تقریب کی صدارت سوسائٹی کے صدر جناب حاجی عباداللہ قریشی نے کی جب کہ مہمانِ خصوصی مولانا آزاد یونیورسٹی کے پریسیڈینٹ پدم شری پروفیسراخترالواسع تھے۔
مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے پرچم کشائی کے بعد اپنے خصوصی خطاب میں پدم شری اخترالواسع نے کہاکہ یہ آزادی ہمیں بڑی قربانی اور جدوجہد کے بعد ملی ہے۔ ۱۷۵۷ء میں پلاسی میں سراج الدولہ اور ۱۷۹۹ء میں سرنگا پٹم میں ٹیپو سلطان کی شہادت، ۱۸۵۷ء میں بہادر شاہ ظفر کی جلا وطنی، بیگم حضرت محل اور رانی لکشمی بائی کی عزیمتوں ،علماءِ صادق پور، شاملی کے مجاہدین اور جلیاں والا باغ میں انگریزوں کی بربریت کا شکار ہونے والوں کے نام یہ آزادی معنون ہے۔
آج ہمیں اس ملک کو خوف، نفرت اور تعصب سے آزادی دلانی ہے اور اس ملک میں وحشت و دہشت کو فروغ دینے والوں کا جم کر مقابلہ کرنا ہوگا۔
بچے اور بچیوں نے آزادی سے متعلق گیتوں اور نظموں پر پروگرام پیش کیے اور ساتھ ہی سماجی سروکار رکھنے والے موضوعات جیسے بیٹیوں کی اہمیت، موبائل کی لائی ہوئی لعنتوں پر بھی انتہائی مؤثر ڈرامائی پیش کش کے ذریعے حاضرین سے داد پائی۔
اس موقعے پر سوسائٹی کے جنرل سکریٹری جناب نثاراحمد خلجی نے تقریر کرتے ہوئے اتنے اچھے پروگرام پیش کیے جانے پر خوشی کا اظہار کیا۔ سوسائٹی کے سابق صدر جناب عبدالعزیز صاحب نے سارے پروگراموں کی ستائش کی اور خاص طور پر بیٹیوں سے متعلق پیش کش کو سراہتے ہوئے اس میں حصہ لینے والی بچیوں اور تیاری کرانے والی اساتذہ کے لیے خصوصی نقد انعامات کا اعلان کیا۔
سوسائٹی کے ٹریزرار اور سی۔ای۔او جناب محمد عتیق صاحب نے کہا کہ لوگوں کو ہمارے بچوں اور اساتذہ کی صلاحیتوں اور جذبے کی قدر کرنی چاہیے۔
اپنے صدارتی کلمات میں جناب حاجی عباداللہ قریشی صاحب نے تمام مہمانوں، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کو مبارکباد دی۔
اس رنگا رنگ تقریب کی نظامت جناب محمد اقبال چندریگر نے کی۔پروگرام کے اہم شرکاء میں جناب شبیر احمد خلجی، جناب رؤف انصاری، جناب فیروز قاضی، جناب خالد قریشی،جناب رؤف انصاری،جناب محمد علی چندریگر،ڈاکٹر غلام ربانی،جناب ذکی احمد،جناب محمد آصف،جناب راجو قادری،جناب جتیندر کھتری، جناب منیش ماتھر،جناب انتخاب عالم، جناب عیاز احمد اور جناب صادق فاروقی وغیرہ شامل تھے۔
مولاناآزاد یونیورسٹی کے نو تعمیر کیمپس میں پرچم کشائی یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر عمران خان پٹھان نے کی اور اس موقع پر یونیورسٹی کے اساتذہ اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔
You must be logged in to post a comment.