آتشزدگی واقعہ کی تحقیقات، متاثرین کی ہر ممکنہ مدد: راجندر

نمائش کی تاریخ میں پہلا بڑا سانحہ، مستقبل میں مزید احتیاطی اقدامات، نمائش سوسائٹی کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جنوری (سیاست نیوز) سابق وزیر فینانس اور نمائش سوسائٹی کے صدر ای راجندر نے کہا کہ کل رات پیش آئے آتشزدگی واقعہ کی تحقیقات کے بعد رپورٹ کی بنیاد پر اسٹال مالکین کی ممکنہ مدد کی جائے گی ۔ نمائش میں نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد دیگر عہدیداروں کے ساتھ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجندر نے کہا کہ رپورٹ ملتے ہی متاثرین کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کل ہند صنعتی نمائش کی 79 سالہ تاریخ میں ابھی تک اس قدر بڑا سانحہ پیش نہیں آیا ۔ انہوں نے بتایا کہ آتشزدگی واقعہ کی تفصیلات چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ وقفہ وقفہ سے حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تاجرین کے نقصان کو اپنا ذاتی نقصان تصور کرتے ہیں اور نمائش سوسائٹی کو اس واقعہ پر گہرا افسوس ہے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ متاثرہ تاجرین کا ہر ممکن تحفظ کیا جائے گا۔ راجندر نے کہا کہ اسٹال مالکین گزشتہ کئی برسوں سے نمائش میں حصہ لے رہے ہیں اور وہ نمائش سوسائٹی کیلئے ایک خاندان کی طرح ہیں۔ کشمیر سے لیکر ملک کی دیگر ریاستوں کے تاجر ہر سال جنوری کا انتظار کرتے ہیں تاکہ صنعتی نمائش میں حصہ لے سکے۔ نمائش سوسائٹی ان کے نقصان کو اپنا نقصان تصور کرتی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ سوسائٹی کوئی کاروباری یا تجارتی ادارہ نہیں ہے بلکہ ایک فلاحی ادارہ ہے جس کے تحت مختلف تعلیمی ادارے چلائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوسائٹی کے تحت غریب طلبا اور طالبات کی تعلیم کے علاوہ ا قامتی اسکول کے قیام کا حال ہی میں فیصلہ کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نمائش سوسائٹی خالص فلاحی اور تعلیمی سرگرمیوں کو انجام دیتی ہے اور یہ غریب عوام کے لئے کام کرتی ہے ۔ نمائش سے ہونے والی آمدنی غریبوں اور طلبہ کیلئے استعمال کی جاتی ہے۔ آمدنی کا ہر پیسہ تعلیم کیلئے خرچ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ واقعہ کو سیاسی رنگ نہ دیں۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں سے بھی تعاون کی اپیل کی تاکہ مستقبل میں بھی اس طرح کے واقعات کو روکا جاسکے۔ راجندر نے بتایا کہ آتشزدگی سے 300 دکانات کو نقصان پہنچا۔ ایک اسٹال میں اچانک آگ بھڑکنے سے اطراف کے اسٹالس اس کی زد میں آگئے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے سوسائٹی اپنے طور پر اقدامات کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ فائر سرویس سے کسی تعلق کے بغیر ہر اسٹال کیلئے آتش فرو آلہ کو نصب کرنے کو لازمی قرار دیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ ہر اسٹال میں خصوصی موٹر کا انتظام رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اسٹالس لکڑیوں سے تعمیر نہیں کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی ماہر ایجنسی کے ذریعہ اسٹالس کے الاٹمنٹ کی منصوبہ بندی کی جائے گی تاکہ کسی ہنگامی صورتحال پر گاڑیوں کو گزرنے کیلئے کھلا راستہ موجود رہے۔ راجندر نے کہا کہ تحقیقات کی تکمیل کے بعد خاطیوں کے بارے میں کہا جاسکتا ہے۔ اسی دوران نمائش سوسائٹی کی اگزیکیٹیو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں واقعہ کی وجوہات اور نقصانات کا جائزہ لیا گیا ۔ راجندر نے بتایا کہ محکمہ مال کے عہدیدار نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں چار فائر انجن متعین کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے آتشزدگی کے موقع پر فائر انجن میں پانی کی عدم موجودگی سے متعلق الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ کسی بھی فائر انجن میں پانی کی عدم موجودگی کی شکایت مضحکہ خیز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوسائٹی کے عہدیدار متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیں گے۔