ملک کی فوجی طاقت ، تکثیری معاشرہ اور تہذیبی ورثے کا پوری شان و شوکت کے ساتھ مظاہرہ
نئی دہلی ۔ /26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج پوری شان و شوکت کے ساتھ اپنا 69 واں یوم جمہوریہ منایا ۔ راج پتھ پر منعقدہ عظیم الشان تقریب میں مختلف جتھوں نے مارچ کیا ۔ حکمت عملی کے دفاعی اسلحہ کامظاہرہ کیا گیا اور خصوصی جھانکیوں کے ذریعہ ملک کے تہذیبی ورثے کی جھلک پیش کی گئی ۔ ملک کی تاریخ میں یہ پہلاموقع تھا کہ جنوب مشرقی ایشیاء کے 10 ملکوں کے سربراہان نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور ہزاروں عوام نے اس یادگار تقریب کا مشاہدہ کیا ۔ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے ساتھ ہندوستان کے تیزی سے بڑھتے ہوئے حکمت عملی کے تعلقات کی نمایاں اہمیت کی جھلک پیش کرتے ہوئے طاقتور علاقائی گروپ آسیان کے 10 رکن ممالک کے سربراہان نے راج پتھ پر منعقدہ پریڈ کا مشاہدہ کیا جس میں ملک کی فوجی طاقت اور تہذیبی تنوع کا مظاہرہ کیا گیا ۔ شدید کہر اور سرد موسمی حالات ہزاروں افراد کے جوش و خروش پر اثر انداز نہ ہوسکے اور انہوں نے (عوام) نے دیڑھ گھنٹہ تک اس پریڈ کا نظارہ کیا جو سخت ترین سکیوریٹی کے درمیان راج پتھ سے آٹھ کیلو میٹر کا فاصلہ طئے کرتے ہوئے تاریخی لال قلعہ پہونچا ۔ آسیان قائدین جو ہند ۔ آسیان یادگار چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے یہاں پہونچے ہیں ۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند اور وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ یوم جمہوریہ پریڈ میں شرکت کرتے ہوئے اس تقریب کو فقیدالمثال بنادیا ۔ دہلی ہیڈکوارٹرز ایریا کے جنرل کمانڈنگ آفیسر لیفٹننٹ جنرل اسیت مستری نے پریڈ کو کمانڈ کیا ۔ مائنمار کی اسٹیٹ کونسلر آنگ سان سوچی ، ویتنام کے وزیراعظم نگوین ژوان پھوک ، فلپائن کے صدر راڈریگو ڈوٹریٹ ، تھائی لینڈ کے وزیراعظم جنرل پرائیویٹ چان ۔ اوچار ، سنگاپور کے وزیراعظم لی ہیسن لونگ اور برونائی کے سلطان حاجی حسن البولقیہ بھی اس تقریب میں شرکت کرنے والے آسیان قائدین میں شامل تھے۔ انڈونیشیاء کے صدر جوکووڈوڈو ، ملائیشیائی وزیراعظم نجیب رزاق ، لاؤس کے وزیراعظم تھونگ سون سیسوستھ اور کمبوڈیا کے وزیراعظم ہن سین نے بھی اس عظیم پریڈ کا مشاہدہ کیا جنہیں اس موقع پر ایک دوسرے کے ساتھ کرنے اور یادگار لمحات کو اپنے کیمروں میں قید کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔ مودی حکومت کے اکثر وزراء جن میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ ، وزیر فینانس ارون جیٹلی ، وزیر صحت جے پی نڈا ، وزیر اطلاعات و نشریات سمرتی ایرانی ، وزیر قانون روی شنکرپرساد اور وزیر ماحولیات ہرش وردھن بھی موجود تھے ۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے بھی وسطی صفوں میں بیٹھ کر اس تقریب کا مشاہدہ کیا ۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد اور دیگر سینئر کانگریس قائدین نے بات چیت کرتے ہوئے دیکھے گئے ۔ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ ، دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال ، ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا اور دوسرے بھی موجود تھے ۔ اس تقریب میں فوجی اہلکاروں نے آسیان ممالک کے پرچموں کے ساتھ ایک مارچ پاسٹ بھی کیا ۔ راج پتھ پر 23 جھانکیاں پیش کی گئیں جن میں مختلف ریاستوں ، وزارتوں ، آل انڈیا ریڈیو کی جھانکیاں بھی شامل تھیں ۔ 14 ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں کی جھانکیوں کے ذریعہ ملک کے تاریخی اور تہذیبی ورثے کو اجاگر کیا گیا ۔ موٹر سیکل جتھہ ، ’سیما بھوانی ‘ اس پریڈ میں مرکز توجہ رہا ۔ جس میں پہلی مرتبہ بی ایس ایف کی خاتون اہلکاروں نے اپنے فن اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔
راہول گاندھی کا انتخابی دورہ میگھالیہ
شیلانگ ۔ /26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی /30 جنوری سے میگھالیہ کے دو روزہ دورہ کا آغاز کریں گے ۔ جہاں وہ اپنی پارٹی کے قائدین اور کارکنوں سے خطاب کریں گے ۔ میگھالیہ میں /27 فبروری کو اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے اور /3 مارچ کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا ۔ 60 رکنی اسمبلی انتخابات کے نتائج کا /3 مارچ کو اعلان ہوگا ۔