اراضی سروے میں کئی خامیاں۔ اپوزیشن سے حکومت پر دباؤ بنانے کی اپیل : اتم کمار ریڈی
حیدرآباد 3 جولائی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہاکہ سماجی انصاف کانگریس میں ہوگا۔ کانگریس واحد جماعت ہے جو بی سی طبقات کو سیاسی خود مختار بناسکتی ہے۔ اراضی سروے میں سرزد ہونے والی غلطیوں کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت پر دباؤ بنانے کا مشورہ دیا۔ گاندھی بھون میں او بی سی ڈپارٹمنٹ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں یہ بات بتائی۔ اس موقع پر اے آئی سی سی او بی سی ڈپارٹمنٹ صدرنشین ٹی ساہوجی سابق صدور پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ، پنالہ لکشمیا، ایم ایل سی اے للیتا، سابق ایم پی پونم پربھاکر، انجن کمار یادو کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ اتم کمار نے کہاکہ 2019 ء انتخابات میں کانگریس کا اہم ایجنڈہ سماجی انصاف ہے۔ راہول گاندھی پارٹی میں دیہی سطح سے ریاستی سطح تک سماجی انصاف پر زور دے رہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ بی سی طبقات سے صرف کانگریس پارٹی انصاف کرسکتی ہے اور انھیں سیاسی خود مختار بناتی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کانگریس کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کرنے کی بی سی طبقات سے اپیل کی۔ کانگریس بی سی طبقات کو برائے نام نمائندگی کے خلاف ہے بلکہ بی سی طبقات کو سیاسی خود مختار بنانے کیساتھ تعلیم اور ملازمتوں میں برابر کا حق دینے کی تائید میں ہے۔ تلنگانہ جنا سمیتی کے زیراہتمام اراضی سروے پر راؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب میں صدر پردیش کانگریس نے کہاکہ انتخابی مفاد پرستی کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے رعیتو بندھو اسکیم کو متعارف کرایا ہے۔ اراضی سروے صرف پبلسٹی تک محدود ہوگیا ہے۔ سروے کے دوران کئی غلطیاں ہوئی ہیں۔ ریکارڈ کو درست کرنے تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہوتے ہوئے حکومت پر دباؤ بنائیں ۔ اتم کمار نے کہاکہ ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں دلت طبقات کو تین ایکر اراضی دینے کا وعدہ کیا گیا جس کو فراموش کردیا گیا۔ بلکہ ترقیات کے نام پر ایس سی، ایس ٹی طبقات کی اراضیات زبردستی چھین لینے کا حکومت پر الزام عائد کیا۔ انھوں نے کسانوں کی کاشت پر اقل ترین قیمت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ سی پی ایم کی جانب سے مخدوم بھون میں بیارم اسٹیل پلانٹ پر ایک اور راؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے این ڈی اے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ تقسیم ریاست کے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ انھوں نے کہاکہ بیارم میں اسٹیل پلاٹ قائم کرنے کا وعدہ کیا گیا ‘قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیاکٹری قائم کرنے سے اتفاق کیا گیا۔ چیف منسٹر کے سی آر ان وعدوں پر عمل کیلئے مرکز پر دباؤ بنانے میں ناکام ہوچکے ہیں۔