حلقہ نظام آباد کو دنیا بھر میں پہلا مقام : رجت کمار
حیدرآباد۔ 7 اپریل (پی ٹی آئی) چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار نے کہا ہے کہ حلقہ لوک سبھا نظام آباد میں جہاں بشمول 179 کسان مجموعی طور پر 185 امیدوار انتخابی مقابلہ کررہے ہیں۔ 11 اپریل کو ہونے والی رائے دہی کے انتظامات کیلئے 35 کروڑ روپئے کے مصارف ہوں گے۔ ہر حلقہ میں ہونے والے انتخابی مصارف سے اوسطاً 15 کروڑ روپئے زائد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حلقہ لوک سبھا کے سات اسمبلی حلقوں کے ہر حلقہ میں اوسطاً تقریباً 3 کروڑ روپئے کے مصارف عائد ہورہے ہیں۔ اس اعتبار سے حلقہ نظام آباد میں اوسطاً 21 کروڑ روپئے ہوتے ہیں۔ لیکن امیدواروں کی کثیر تعداد کے سبب 15 کروڑ روپئے کے اضافی مصارف عائد ہوں گے۔ انتخابات سے متعلق ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ کثیر تعداد میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینس وغیرہ کی خریدی پر زائد مصارف عائد ہورہے ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایک ہیلی کاپٹر تیار رکھا جارہا ہے اور دعویٰ کیا کہ دنیا بھر میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی حلقہ سے اس حد تک کثیر تعداد میں امیدواروں کے مقابلے کے باوجود الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعہ رائے دہی کی جارہی ہے۔ پولنگ اسٹاف کے ٹراویل الاؤنس اور مہنگائی الاؤنس پر اضافی مصارف کا بڑا حصہ صرف ہورہا ہے۔ علاوہ ازیں شعور بیداری مہم اور تشہیر پر بھی مزید رقم خرچ ہوگی۔ این ایس ایس کے مطابق حلقہ نظام آباد میں 11 اپریل کو صبح 8 بجے تا 6 بجے شام رائے دہی ہوگی۔