۔12 فیصد تحفظات کیلئے عامر علی خان کی تحریک انقلاب میں تبدیل ‘ اظہر الدین

حقوق کیلئے مسلمانوں میں جوش و جذبہ مہم کا نتیجہ، گاؤں سے شروع کردہ مہم ایوانوں تک پہنچ گئی ، حکومت پر دباؤ برقرار
ظہیر آباد ۔ یکم مارچ ( سیاست نیوز )ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین نے 12 فیصد مسلم تحفظات کے نام پر مسلمانوں کو دھوکہ دینے کا ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب عامر علی خان کی شروع کردہ 12 فیصد مسلم تحفظات تحریک اب انقلاب بن گئی ہے ۔ ’تلنگانہ پرجا چیتنیہ یاترا ‘ پروگرام کے سلسلہ میں ظہیرآباد پہنچے سابق رکن پارلیمنٹ محمد اظہر الدین نے نمائندہ ’سیاست‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے 2004 انتخابی منشور میں مسلمانوں کو 5 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور اقتدار حاصل ہوتے ہی ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی نے 56 دن میں مسلمانوں سے وعدہ کو پورا کردیا تاہم فرقہ پرست بی جے پی نے اسے ہائیکورٹ و سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔ بہر حال عدالتی کشاکش کے بعد مسلمانوں کو 5 کی بجائے 4 فیصد تحفظات مل گئے جس سے لاکھوں مسلمانوں کو تعلیم، ملازمت اور سیاسی شعبہ میں بھی فائدہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 انتخابات میں کے سی آر نے ٹی آر ایس منشور میں مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا اعلان کیا اور شاد نگر میں منعقدہ جلسہ عام سے اعلان کیا تھا کہ اندرون 4ماہ مسلمانوں کو ریاست ٹاملناڈو کی طرز پر 12 فیصد تحفظات فراہم کئے جائینگے لیکن اقتدار کے 4 سال مکمل ہونے کے باوجود بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا جس سے مسلمانوں میں حکومت کے خلاف ناراضگی ہے۔ مسلمانوں کے جذبات و احساسات کا جائزہ لینے کے بعد جناب عامر علی خاں نے حکومت پر دباؤ بنانے اور مسلمانوں میں شعور بیدار کرنے 2 سال قبل 12 فیصد مسلم تحفظات کی تحریک شروع کی جو آج ایک انقلاب میں تبدیل ہوچکی ہے۔ یادداشتوں سے شروع ہونے والی تحریک جلسے اور احتجاجی دھرنوں تک پہنچ چکی ہے۔ تحریک کی خاص بات یہ ہے کہ پُرامن اور جمہوری انداز میں چلائی جارہی ہے جبکہ گجرات کی پٹیل، ہریانہ کی جاٹ اور راجستھان کی گجر تحفظات تحریکات تشدد کا شکار رہی ہیں ۔ جناب محمد اظہر الدین نے ’سیاست‘ کی ملی ، سماجی خدمات کی بھی ستائش کی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ بی جے پی سے خفیہ ساز باز کرکے مسلمانوں کو گمراہ کررہے ہیں جس کا انہیں 2019 انتخابات میں خمیازہ بھگتنا پڑیگا۔ محمد اظہر الدین نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کانگریس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔ بی جے پی کی فرقہ پرستی دیمک کی طرح ملک کو چاٹ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت تشکیل پانے کے بعد فرقہ پرستوں کے حوصلے بلند ہوگئے، اقلیتوں اور دلتوں پر حملے کئے جارہے ہیں۔ وزیر اعظم نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی جیسے فیصلے کرکے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا۔ فراہمی روزگار کی بجائے غلط فیصلوں سے کئی افراد کو بیروزگار کردیا گیا۔ انہوں نے نوجوانوں بالخصوص مسلمانوں کو اپنے ووٹوں کی اہمیت جانتے ہوئے ملک و ریاست کے مستقبل کیلئے صحیح فیصلے کرتے ہوئے دوبارہ کانگریس کو اقتدار میں لانے کا مشورہ دیا ۔ان کے حلقہ ظہیرآباد سے مقابلہ کرنے کی قیاس آرائیوں سے متعلق سوال کے جواب میں محمد اظہر الدین نے کہا کہ وہ کانگریس کے ایک سپاہی ہیں اور پارٹی ہائی کمان انہیں جو بھی ہدایت دے گی وہ اس پر عمل کریں گے۔