سابقہ دفاعی اسکامس میں ایک ہی خاندان کی سمت اشارہ ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کا خطاب
نئی دہلی 25 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کانگریس پر تنقید کی اور کہا کہ وہ خاندان کو ترجیح دینے میں مصروف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کی مجرمانہ لاپرواہی کی وجہ سے قومی سلامتی متاثر ہوئی ہے ۔ وزیر اعظم نے قومی وار میمورئیل کے افتتاح سے کچھ دیر قبل یہ ریمارکس کئے ۔ انہوں نے سابق فوجیوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بوفورس اسکام ‘ آگسٹا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر اسکام اور رافیل مسئلہ کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ سابقہ حکومتوں نے اہمیت کے حامل فوجی ساز و سامان کے حصول میں تاخیر سے کام لیا ہے ۔ وزیر اعظم نے ہندوستان کی فوجی طاقت میں اضافہ کیلئے کئے گئے اقدامات کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ حکومت سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود کو بھی یقینی بنا رہی ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ سابقہ حکومت نے فوجی شہیدوں کیلئے ایک یادگار تعمیر کیوں نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس کا جواب یہی ہے کہ کانگریس کیلئے پہلے خاندان ہے اور سب کچھ بعد میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کیلئے پہلے ملک اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے بوفورس اور آگسٹا ویسٹ لینڈ اسکامس پر بھی کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تمام تحقیقات میں صرف ایک ہی خاندان کی سمت اشارہ ملتا ہے اور یہ حقیقی صورتحال کو واضح کرنے کیلئے کافی ہے ۔