دیہی عوام کو حقیقی معنوں میں فائدہ ہم نے پہونچایا، اسکیم کے 10 سال مکمل ، ارون جیٹلی اور دیگر کا خطاب
نئی دہلی۔ 2 فروری (سیاست ڈاٹ کام) نریگا کے 10 سال مکمل ہوگئے اور این ڈی اے حکومت نے آج دعویٰ کیا ہے کہ اس نے دیہی روزگار ضمانت اسکیم کو پوری طرح بدل کر رکھ دیا جبکہ یو پی اے اور میں بار بار فنڈس میں کٹوتی کی بناء اس کی حالت قابل رحم ہوگئی تھی۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہا کہ اسکیمات ’’پتھر کی لکیر‘‘ نہیں ہوتیں اور وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ ان میں تبدیلیاں ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے دور میں نریگا میں تبدیلیاں لائی گئیں اور فنڈس تخصیص میں اضافہ کے ساتھ دیگر کئی نئی شروعات کی گئیں تاکہ عوام تک بہتر انداز میں اس کے فوائد بہم پہنچائے جاسکیں۔ ارون جیٹلی نے نریگا سمیلن سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم کی عمل آوری میں غیرمعمولی تبدیلیاں لائی جارہی ہیں۔ جب کوئی سرکاری اسکیم کئی سال تک جاری رہتی ہے تو اس کے طریقہ کار میں فرق آجاتا ہے۔ جب یہ اسکیم 2013-14ء کے دوران سات یا آٹھویں سال میں داخل ہوگئی۔ اس وقت یہاں بھی تبدیلیوں کی ضرورت محسوس ہوئی۔ جب 2014-15ء میں حکومت تبدیل ہوئی، اس وقت پارلیمنٹ کے اندر اور باہر یہ باتیں ہورہی تھیں کہ کیا یہ اسکیم برقرار رکھی جائے گی یا اس کے فنڈس میں کمی کردی جائے گی،
لیکن نئی حکومت نے نہ صرف اسکیم کو آگے بڑھایا بلکہ فنڈس میں بھی اضافہ کیا۔ وزیر دیہی ترقیات چودھری بریندر سنگھ نے کہا کہ گزشتہ 19 ماہ کے دوران اس اسکیم سے استفادہ کرنے والے عوام کو حقیقی معنوں میں فائدہ پہونچائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کی صحیح عمل آوری کے باعث ایسا ہوسکا۔ منسٹر آف اسٹیٹ دیہی ترقیات سدرشن بھگت نے کہا کہ 2014-15ء کے آغاز میں جس وقت یو پی اے اقتدار میں تھی، نریگا کی حالت انتہائی قابل رحم ہوگئی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ این ڈی اے حکومت نے اسکیم کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈس مختص کئے۔ انہوں نے بتایا کہ این ڈی اے کے گزشتہ 18 ماہ کے اقتدار میں اسکیم کی جو ہیئت تبدیل ہوئی، اس کی وجہ سے آج یہ مقبول عام بن گئی ہے اور گزشتہ 10 سال کے دوران ایسا نہیں ہوسکا تھا۔ انہوں نے نریگا کیلئے مختص فنڈ 33 ہزار کروڑ روپئے سے بڑھاکر 36,977 کروڑ روپئے کرنے پر مودی حکومت کی ستائش کی۔ مرکزی وزراء کے یہ ریمارکس اُس وقت سامنے آئے جبکہ ایک دن قبل راہول گاندھی نے آندھرا پردیش میں اسکیم کے 10 سال پورے ہونے پر ایک پروگرام میں حصہ لیا۔ فروری 2006ء میں اس وقت کے وزیراعظم منموہن سنگھ اور صدر کانگریس سونیا گاندھی نے یہ اسکیم شروع کی تھی۔ اس مسئلہ پر سیاسی لڑائی پہلے ہی شروع ہوچکی ہے۔ کانگریس نے مودی حکومت پر نریگا کے حقیقی مقاصد کو ختم کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا۔ راہول گاندھی نے آج پھر وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے نریگا کی سراہنا پر تنقید کی ۔ مودی نے نریگا کو پیشرو کانگریس کی ناکامی کی زندہ یادگار سے تعبیر کیا تھا۔ راہول گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ مودی جی کی سیاسی دانشمندی کی جیتی جاگتی مثال ہے۔ انہوںنے کہا کہ کیا وہ سمجھتے ہیں کہ یہ اسکیم ختم ہوجائے گی جبکہ حقیقت میں ایسا ہونے والا نہیں ہے۔