یوگانڈہ میں حامد انصاری نے گاندھی جی کو گلہائے عقیدت پیش کئے

جنجہ (یوگانڈہ) ۔ 23 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر حامد انصاری نے آج نے دریائے نیل کے ایک ذریعہ پر بابائے قوم مہاتما گاندھی کو گلہائے عقیدت پیش کئے جہاں مہاتما گاندھی کی باقیات (راکھ) کا کچھ حصہ سپرد آب کیا گیا تھا۔ یاد رہیکہ مہاتما گاندھی نے ہندوستان کی آزادی کیلئے اپنی تحریک کا سب سے پہلے آغاز افریقہ سے ہی کیا تھا اور آج تک محض بابائے قوم کی وجہ سے ہندوستان اور افریقہ کے تعلقات ہنوز خوشگوار ہیں حالانکہ یوگانڈہ کے سابق ڈکٹیٹر عیدی ابن نے یوگانڈہ سے ہندوستانیوں کی قابل لحاظ تعداد کو نکل جانے کا حکم دیا تھا جسے آج تک ایک ڈراؤنے خواب کی طرح یاد کیا جاتا ہے۔ اس فیصلہ سے حالانکہ یوگانڈہ کی ہی شبیہہ خراب ہوئی تھی۔ حامد انصاری 21 فبروری کو یوگانڈہ پہنچے جہاں انہوں نے گاندھی جی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کرنے کے بعد شجرکاری بھی کی۔ جنجہ میں ہندوستانی شہریوں کی کثیر تعداد آباد ہے۔ مذکورہ مجسمہ کو حکومت ہند نے 1997ء میں نصب کیا تھا جس کی نقاب کشائی اس وقت کے وزیراعظم ہند آنجہانی آئی کے گجرال نے کی تھی۔