نئی دہلی:کسی بھی قوم کی ترقی میں اساتذہ کا اہم کردار ہوتا ہے۔یہی وہ لوگ ہیں جو طلبہ میں اخلاقی اقدار اور انسانیت سے الفت ومحبت کا جذبہ پیدا کرتے ہیں،جس سے نہ صرف سماج بلکہ ملک بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے۔
اس سال۵ ستمبرکو ’’یوم اساتذہ‘‘ کے موقع پراے ایم پی(ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلس)نے ہندوستان بھر میں تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والے سو سے زائد ماہرین اور اساتذہ کو قومی ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ اے ایم پی ہندوستانی پروفیشنل مسلمانوں کا غیر فرقہ ورانہ بنیاد پر ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو تعلیم کے میدان میں اپنی مہارت اور وسائل کے ذریعہ بالخصوص مسلمانوں اور بالعموم ہندوستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتا ہے۔یہ ایک غیر سرکاری تنظیم ہے جو ملک بھر میں پھیلے ہوئے اپنی ۷۵ شاخوں کے توسط سے ہندوستانی مسلم سماج کی بہبود کی سرگرمیوں میں فعال ہے۔
اے ایم پی کی جانب سے دیے جانے والے قومی ایوارڈ میں سرفہرست جامعہ ملیہ اسلامیہ ،دہلی کے پروفیسر ایمریٹس ،پروفیسر اختر الواسع،سابق ڈین وصدر،شعبہ اسلامک اسٹڈیز اور موجودہ وائس چانسلر،جودھ پور یونیورسٹی،راجستھان ہیں۔
واضح رہے کہ پروفیسر موصوف تین درجن سے زائد کتابوں کے مصنف اور مختلف تعلیمی اداروں سے وابستہ رہے ہیں ۔نیز وہ تعلیم کے فروغ میں ہونے والی کوششوں میں نمایاں حصہ لیتے رہے ہیں۔
اس ادارے کے دیگر نمایاں افراد میں پروفیسر طلعت احمد،سابق وائس چانسلر،جامعہ ملیہ اسلامیہ،پروفیسر شاہد اشرف،کارگزار وائس چانسلر،پروفیسر شاہد احمد،شعبہ معاشیات، پروفیسر فرقان قمر،جنرل سکریٹری،اے آئی یواور پروفیسر زبیر مینائی ہیں۔
ایوارڈ کی اس فہرست میں دیگر نمایاں نام پروفیسر طارق منصور،وائس چانسلر،اے ایم یو،پروفیسر فیضان مصطفیٰ،نلسریونی ورسٹی آف لا،حیدرآباد اور پروفیسر اسلم پرویز ،وائس چانسلر ،مولانا آزاد نیشنل اردو یونی ورسٹی ،حیدرآباد وغیرہ کے ہیں۔