ہند ۔ نیوزی لینڈ ایشیا پیسیفک خطہ میں بہترین شراکت دار

صدر جمہوریہ کے 6روزہ سرکاری دورہ پاپوا نیوگنی اور نیوزی لینڈ کا اختتام، وطن واپسی
آکلینڈ ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے اپنے دورہ نیوزی لینڈ کے اختتام کے موقع پر ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت اور استحکام بخشنے کے کافی امکانات موجود ہیں۔ سیکوریٹی اور استحکام کے شعبوں میں بھی دونوں ممالک ایک دوسرے کے بہترین شراکت دار بن سکتے ہیں۔ ایک یونیورسٹی میں اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہیکہ دونوں ممالک اپنے باہمی تعلقات کو مزید استحکام بخشیں کیونکہ ہندوستان ایک بہترین معیشت کی تصویر پیش کررہا ہے اور اس وقت دنیا کی نگاہیں ہمارے ملک (ہندوستان) کی جانب لگی ہوئی ہیں۔ جہاں شرح فروغ 2015-16ء کیلئے 7.6 فیصد نوٹ کیا گیا ہے جبکہ عالمی بینک نے پیش قیاسی کی ہیکہ یہ تناسب آئندہ دو سالوں میں بڑھ کر 7.8 اور 7.9 فیصد ہوجائے گا اور اس فروغ میں نیوزی لینڈ کی شراکت داری کے بھی زبردست امکانات موجود ہیں۔ ہمارے فلیگ شپ پروگرامس جیسے اسکل انڈیا، میک ان انڈیا اور ڈیجیٹل انڈیا انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور یہ صرف کچھ ہی زمرے ہیں جہاں ہندوستان نے پوری دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کی ہے جبکہ اس کے علاوہ بھی کئی شعبوں میں ترقیاتی کام ہورہے ہیں اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوگئے ہیں جس کا ہندوستان نے ہمیشہ خیرمقدم کیا ہے۔ آکلینڈ کالج آف ٹیکنالوجی کے طلباء اور فیکلٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور نیوزی لینڈ پرامن، پرتعاون اور خوشحال ایشیاء پیسیفک خطہ میں اپنا اپنا رول بہتر طریقہ سے ادا کیا ہے کیونکہ ہمارا ایقان ہیکہ یہ ایک ایسا خطہ ہے جہاں موقعوں کی کوئی کمی نہیں جہاں ہم کامیابی کے ساتھ سیکوریٹی، استحکام اور خوشحالی کو ایشیا پیسیفک میں ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کررہے ہیں۔ ہندوستان اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی پلیٹ فارم میں نیوزی لینڈ کی قدر کرتا ہے۔ صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی آج وطن واپس ہوگئے ۔ انہوں نے پاپوا نیوگینی اور نیوزی لینڈ کا 6روزہ سرکاری دورہ کیا ۔ جس کے دوران انہوں نے پاپوا نیوگینی اورنیوزی لینڈ کے ساتھ ہندوستان کی ’’ ایکٹ ایسٹ‘‘ پالیسی کے حصہ کے طور پر اہم معاہدوں پر دستخط کئے گئے ۔ نیوزی لینڈ کے تین روز دورہ کے اختتام پر پرنب مکرجی نے زراعت ‘ ڈیری ‘ فوڈ پراسیسنگ ‘ تعلیمات اور فنی مہارتوں کی ترقی کے علاوہ اعلیٰ ٹکنالوجی کے بارے میں بات چیت کی ۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ نے راست ہند۔ نیوزی لینڈ پروازوں کے ایک معاہدہ پر بھی دستخط کئے تاکہ سیاحت اور تجارت کو فروغ دیا جاسکے ۔ یہ گذشتہ 20سال میں ہندوستان کا اولین اعلیٰ سطحی دورہ تھا ۔ قبل ازیں وزیراعظم راجیو گاندھی نے  یہاں کا دورہ کیا تھا۔ نیوزی لینڈ کے گورنر جنرل سرجیری میٹ پاری اور وزیراعظم جان کی سے پرنب مکرجی نے ملاقاتیں کیں ۔ قبل ازیں انہوں نے پاپوانیوگینی کے دو روزہ سرکاری دورہ میں وہاں کے صدر سے ملاقات کی تھی اور کشیدگی اور رقابت سے پاک آبی گذرگاہوں کی مواصلات پر زور دیا تھا ۔ دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کے استحکام کیلئے برقی توانائی کے تحفظ پر زور دیا اور چند معاہدوں پر دستخط کئے ۔ ہندوستان نے انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے پاپوا نیوگینی کو 10کروڑ امریکی ڈالر لائن آف کریڈٹ کا اعلان کیا ۔