حامد انصاری کے اعزاز میں وزیراعظم تھائی لینڈ کے عشائیہ نائب صدرجمہوریہ
بنکاک ۔ 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور تھائی لینڈ نے آج باہمی تعلقات میں مزید استحکام بشمول دفاعی شعبہ کا لائحہ عمل تیار کرلیا جبکہ دونوں ممالک نے اپنے مشترکہ مفادات بین الاقوامی آبی گذرگاہوں کے محفوظ بنانے میں مشترکہ مفاد ظاہر کیا اور کہا کہ جنوبی بحرچین میں حکومت چین کی جانب سے طاقت کا مظاہرہ مناسب نہیں ہے۔ حامد انصاری پہلے نائب صدر جمہوریہ ہند ہے جنہوں نے 100 سال میں تھائی لینڈ کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم تھائی لینڈ جنرل پریوت چانوچا سے بات چیت کرنے کے بعد کہا کہ انہیں باہمی تعلقات کا شاندار مستقبل نظر آتا ہے۔ دونوں ممالک نے بحری حفاظت اور حمل و نقل کے شعبہ میں بحری راستہ سے باہمی کوشش کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بحری تجارت کے راستوں کا تعین کیا جاسکے جس میں جاپان اور میانمار کو بھی شامل کیا جائے۔ دفاع کے شعبہ میں دونوں ممالک نے مشترکہ جنگی مشقوں، باہمی تعاون سے طلایہ گردی اور دوروں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ حامد انصاری نے کہا کہ باہمی تعلقات کے کئی امکانات سے ہنوز استفادہ نہیں کیا گیا ہے اور ابھی بہت کچھ ایک دوسرے سے ثقافت، صنعت اور معاشرت کے سلسلہ میں ایک دوسرے سے سیکھنا باقی ہے۔ وزیراعظم تھائی لینڈ کے اپنے اعزاز میں ترتیب دیئے ہوئے عشائیہ میں تقریر کرتے ہوئے حامد انصاری نے کہا کہ بین الاقوامی برادری تارکین وطن اور عوام کی یکجہتی جیسے مسائل پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ ہمارے تمدن اور تہذیبی ورثاء برائے امن، تکثیریت اور بقائے باہم مسائل کا پائیدار حال پیش کرسکتے ہیں۔ انصاری اور وزیراعظم تھائی لینڈ نے دہشت گردی کی لعنت اور دیگر کئی مسائل پر باہم تبادلہ خیال کیا اور شدید خواہش ظاہر کی کہ ہمخیال ممالک کو دہشت گردی سے نمٹنا چاہئے۔ وزیراعظم تھائی لینڈ نے ڈھائی لاکھ ہندوستانی برادری کی جو تھائی لینڈ میں مقیم ہے، اس کی ترقی کیلئے جدوجہد کی ستائش کی۔ انہوں نے حامد انصاری کو ان چیلنجس سے بھی واقف کروایا جو حکومت کو سماجی، تعلیمی اور صیانتی شعبہ میں درپیش ہیں۔