ہند ۔پاک کشیدگی گھٹانے کی خوشخبری متوقع

جنوبی ایشیاء کے پڑوسیوں کے درمیان لڑائی پر ٹرمپ کا بیان
ہنوئی / واشنگٹن ۔ /28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج اعتماد ظاہر کیا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان عداوتیں عنقریب ختم ہوجائیں گی اور کہا کہ ان کے پاس اس ضمن میں خوشخبری ہے جبکہ امریکہ جنوبی ایشیاء کے دونوں نیوکلیر اسلحہ والے پڑوسیوں کے درمیان کشیدگیوں کو گھٹانے میں مدد کی کوشش کررہا ہے ۔ شمالی کوریائی لیڈر کم جانگ اون کے ساتھ ویتنامی دارالحکومت کے اپنی دوسری چوٹی ملاقات کے ختم پر پریس کانفرنس میں بیان دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کے پاس پاکستان اور ہندوستان کے تعلق سے معقول حد تک اچھی خبر ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ دونوں ملکوں کے درمیان مصالحت کرانے اور کشیدگی کو ختم کرنے کی کوششوں میں مصروف رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں کشیدگی کا جلد اختتام ہوجائے گا ۔ چہارشنبہ کو ہندوستان اور پاکستان دونوں نے ایک دوسرے کے جنگی طیاروں کو مارگرانے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ پاکستان نے ایک ہندوستانی پائیلٹ کو پکڑ لیا ۔ دونوں پڑوسیوں کے درمیان کشیدگی پلوامہ میں جیش محمد کے حملے کے بعد سے شروع ہوئی ۔ امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بلاشبہ ایک دوسرے سے نفرت بھی پائی جاتی ہے ۔ تاہم خطہ کے وسیع تر تناظر میں دونوں پڑوسیوں کو اپنے اختلافات دور کرتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ ممکنہ حد تک تعاون کرتے رہنا چاہئیے ۔