ہندو مسلم اتحاد نئے سیاسی انقلاب کا نقیب‘ بیف اور مذہب کے نام پر تشدد ناقابل برداشت: دلت تحریک کے علمبردار جے بی راجو

حیدرآباد۔سٹیزن فورم کی جانب سے بشیر باغ پریس کلب میں ہجوم کے ہاتھوں بے قصور لوگوں کی ہلاکتوں کے خلاف منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے دلت تحریکوں کے علمبردار مسٹر جے بی راجو نے کہاکہ دلت اور مسلمانوں کا اتحاد ہندوستا ن میں ایک نیا سیاسی انقلاب برپا کردے گا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ گاؤ رکشہ کے نام پر خانگی پولیس تیار کی گئی ہے جو بے قصور مسلمانوں کو بے بس دلتوں کو اپنا نشانہ بنارہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ گاؤ رکشہ کے نام پرتشد دبرپا کرنے والوں کو ہندوستان سے کوئی تعلق نہیں ہے وہ دراصل آرین نسل کے لوگ ہیں جو کبھی نہیں چاہتے کہ دلت او رمسلمان متحد ہوں۔مسٹر جے بی راجو نے کہاکہ جب تک ہمارے درمیان میں اتحاد نہیں ہوتا تب تک فسطائی طاقتیں اسی طرح ہمیں نشانہ بناتے رہیں گے ۔ مسٹر جے بی راجو نے کہاکہ آر ایس ایس اور بی جے پی گائے کے نام پر نفرت پھیلانے کاکام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر نے دستور ہند کی ترمیم کے موقع پر اس بات کاخاص طور پر خیال رکھا تھا کہ ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ کیا جائے جس میں مذہبی آزادی سے لیکر اظہار خیال کی آزادی او رکھانے پینے کی آزادی بھی شامل ہے۔ مسٹر جے بی راجو نے کہاکہ آج کھانے پینے کی آزادی پر کارضرب لگانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہو ں نے مزیدکہاکہ جمہوری ہندوستان میں ایسا ممکن نہیں ہے ۔

انہو ں نے کہاکہ بیف اور مذہب کے پر مخصوص طبقے کے لوگوں کے ساتھ ہراسانی کو ہم ہرگز برداشت نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ دلت او رمسلمانوں کا اتحادسارے ملک میں ایک نئے سیاسی انقلاب کی ضمانت ہوگا۔