ہندوستان کی فوجی طاقت ، ترقی اور ثقافت کا شاندارمظاہرہ

یوم جمہوریہ پریڈ میں فضائیہ کے طیاروں کی حیرت انگیز کرتب بازی، مختلف ریاستوں اور محکمہ جات کی جھانکیاں پیش
نئی دہلی۔ 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی فوجی طاقت اور مختلف شعبوں میں غیرمعمولی ترقی کے علاوہ دولت سے مالامال ثقافتی ورثہ کا آج 67 ویں یوم جمہوریہ پریڈ کے موقع پر عظیم الشان مظاہرہ کیا گیا۔ راج پتھ پر منعقدہ اس پروگرام میں صدر فرانس فرینکوئس اولاند مہمان خصوصی تھے۔ راج پتھ کے دونوں طرف ہزاروں کی تعداد میں لوگ موجود تھے اور اس موقع پر موسم سرد ہونے کے باوجود تمام نے ملک کی عظیم الشان طاقت اور یہاں کی خصوصیات کو نمایاں کرنے والی جھانکیوں کا مشاہدہ کیا۔ قومی دارالحکومت دہلی کو سخت سکیورٹی حصار میں لے لیا گیا تھا اور ہزاروں کی تعداد صیانتی عملہ چوکسی اختیار کئے ہوئے تھا تاکہ کوئی ناخوشگوار پیش نہ آئے۔ انٹلیجنس اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ دہشت گردپس شہر کی اہم تنصیبات کو نشانہ بناسکتے ہیں۔ فرینکوئس اولاند ، صدرجمہوریہ پرنب مکرجی اور وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان موجود تھے۔ مودی کو مختلف مواقع پر اولاند سے بعض اُمور کی وضاحت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ پریڈ 2 گھنٹے 90 منٹ تک جاری رہی۔ فرانسیسی فوجی جتھے نے بھی مارچ میں حصہ لیا اور پہلی مرتبہ کسی غیرملکی مسلح فورس کی ہندوستانی مارچ پاسٹ میں شرکت تھی۔ 2009ء میں ہندوستانی جتھے نے بھی فرانس کے سالانہ بیاسٹل ڈے پریڈ میں شرکت کی تھی۔ ہندوستان کے مزائیل داغنے کی صلاحیت کے حامل T-90 بھیشم ٹینک، اِنفنٹری لڑاکا گاڑیBMP-II (سرتھ)، برہموس میزائل سسٹم کا موبائیل خودمختار لانچر، آکاش ویپن سسٹم، اِسمرچ لانچر وہیکل اس پریڈ کی نمایاں خصوصیت تھی۔

فوجی کتوں نے بھی پریڈ میں متاثرکن مظاہرہ کیا۔ قبل ازیں اولاند کا صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے استقبال کیا اور تینوں فوجی شعبوں آرمی، فضائیہ و بحریہ کے سربراہان سے تعارف کرایا۔ اس موقع پر نائب صدرجمہوریہ محمد حامد انصاری، سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ، صدر کانگریس سونیا گاندھی، صدر بی جے پی امیت شاہ اور ملک کی سیاسی و فوجی قیادت کے علاوہ سفارتی مشن سے وابستہ عہدیدار موجود تھے۔ پریڈ شروع ہونے سے قبل نریندر مودی، وزیر دفاع منوہر پریکر، تینوں فوجی خدمات کے سربراہان نے امر جوان جیوتی پر پھول چڑھائے۔ انڈیا گیٹ پر یہ جنگی یادگار ہے جہاں ہمیشہ اُن فوجیوں کی یاد میں مشعل جلائی جاتی ہے جنہوں نے ملک کی حفاظت کی خاطر اپنی جان نچھاور کردی۔ پریڈ شروع ہونے سے قبل صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے لانس نائیک موہاپ ناتھ گوسوامی کو اشوک چکر (بعد اَز مرگ) عطا کیا۔

دہلی اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں تقریباً 50,000 سکیورٹی عملہ متعین تھا۔ صدرجمہوریہ نے قومی ترانہ پڑھے جانے کے دوران پرچم کشائی انجام دی اور 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ 26 سال کے وقفے کے بعد پریڈ میں آرمی ڈاگ (فوجی کتے) بھی شامل تھے۔ بی ایس ایف کے اونٹوں کے ریجمنٹ نے بھی اپنے شاندار مظاہرہ کے ذریعہ عوام کی توجہ حاصل کرلی تھی۔ پہلی مرتبہ پریڈ میں وظیفہ یاب فوجی ملازمین کی جھانکی پیش کی گئی جس میں قومی تعمیر میں اُن کے رول کو نمایاں کیا گیا۔ ہندوستانی فضائیہ نے اپنی جھانکی میں قدرتی آفات کے موقع پر انسانی بنیادوں پر فراہم کی جانے والی امداد کو اُجاگر کیا۔ 17 ریاستوں اور 6 مرکزی وزارتوں و محکمہ جات نے اپنی جھانکیوں کے ذریعہ ملک کے تاریخی ، آثار قدیمہ اور ثقافتی ورثہ کو پیش کیا۔ منسٹری آف کمیونیکیشن اینڈ آئی ٹی نے ’’ڈیجیٹل انڈیا‘‘ کو اجاگر کیا۔ قومی شجاعت ایوارڈ کیلئے منتخبہ 25 کے منجملہ 23 بچوں نے بھی پریڈ میں حصہ لیا۔ 2 بچوں کو بعداز مرگ ایوارڈ دیا گیا۔ فوجی جوانوں نے موٹر سائیکلوں پر دم بخود کردینے والے مظاہرہ پیش کئے۔ ہندوستانی فضائیہ نے شاندار فلائی پاسٹ کیا جس میں مختلف نوعیت کے مظاہرے کئے گئے جیسے تمام طیاروں نے ملک کر ’’چکرا‘‘ بنایا۔ یہ فلائی پاسٹ Su-30 MKI کے شاندار مظاہرہ کے ساتھ اختتام کو پہونچا جس نے منفرد انداز میں شہ نشین پر موجود شرکاء کو سلامی دی۔

 

سونیا اور راہول گاندھی کی عوام کو یوم جمہوریہ مبارکباد
نئی دہلی۔26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ابنائے وطن کو 67ویں یوم جمہوریہ کی مبارکباد دیتے ہوئے صدر کانگریس سونیا گاندھی اورنائب صدرراہول گاندھی نے اُمید ظاہر کی کہ جمہوریت مساوات اور انصاف کا غلبہ رہے گا ۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ وہ ایک ارب ہندوستانیوں کے ساتھ ہیں جن کا دل اور روح تمام مشکلات کے باوجود ہندوستان کے ساتھ ہے ۔ راہول گاندھی اور صدر بی جے پی امیت شاہ نے بھی عوام کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی ۔ یہ راہول گاندھی کااولین ٹوئیٹر پیغام تھا ۔ صدرکانگریس سونیا گاندھی نے یاد دہانی کی کہ ہماری جمہوریہ کے بنیادی اصول خودمختاری ‘ جمہوریت ‘ مساوات اور انصاف ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اصول ہندوستان پر آئندہ بھی غالب رہیں گے ۔سونیا گاندھی اور بی جے پی صدر امیت شاہ راج پتھ میں ایک ہی صف میں بیٹھے ہوئے تھے۔